ہائی سکول کرہیڈ کا درجہ بڑھانے کا مطالبہ

سید زاہد
کوٹرنکہ//سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت کرہیڈ کی عوام نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گورنمنٹ ہائی سکول کرہیڈ کا درجہ بڑھاکر ہائر سکینڈری کیا جائے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ سرکاری سکول علاقہ کی مانگ کو دیکھتے ہوئے 1935میں پرائمری سکول کے طورپر قائم کیاگیا تھا جس کے بعد 1975میں پرائمری سکول کو مڈل سکول کر دیا گیا تھا جبکہ ایک لمبے انتظار کے بعد 2010میں اس سرکاری سکول کو مڈل سے ہائی سکول بنا دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ حالیہ کچھ برسوں کے دوران راجوری ضلع میں کئی سرکاری سکولوں کا درجہ بڑھایا گیا لیکن کرہیڈ ہائی سکول کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاگیا ۔انہوں نے بتایا کہ ملحقہ علاقہ میں ہائر سکینڈری سکول نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو میلوں کا سفر کر کے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے جانا پڑتا ہے ۔پنچایت کرہیڈ کے مکینوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان کے بچوں کی تعلیم کا عمل شدید متاثر ہورہا ہے لیکن ان کی جانب سے کئی مرتبہ رجوع کئے جانے کے بعد بھی کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ ہائی سکول میں اس وقت 160سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں ۔علاقہ مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہائی سکول کرہیڈ کا درجہ بڑھانے کیلئے محکمہ ایجوکیشن کو ہدایت جاری کی جائیں ۔