ہائی سکول منگناڑ کے قریب سٹو ن کریشر نصب کرنے کا معاملہ  | مقامی لوگوں کا شدید احتجاج ،پلانٹ کے کام کو جلدبند کرنے کا مطالبہ

حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے گائوں منگناڑ میںہائی سکول کے قریب سٹون کریشر لگائے جانے پر والدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اس کام کو جلدازجلد بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سٹون کریشر کو سرکاری سکول کے قریب نصب کیاجارہا ہے جس کی وجہ سے آئندہ ان کے بچوں کی صحت متاثر ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ علاقہ کے بچوں عورتوں اور بزرگوں نے سڑک بند کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اس پلانٹ کو فوری طور بند کیا جائے تاکہ ماحول کو مزید خراب ہونے سے بچایا جاسکے۔سرپنچ پنچایت اپر منگنا ڑمحمد اسلم کا کہنا ہے کہ اس پلانٹ کی وجہ سے لوگو ں کا سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ان کے مطابق سٹون کریشر پلانٹ اسکول کے بالکل نزدیک لگایا جا رہا ہے جبکہ مقامی آ بادی بھی اس کے قریب ہے جس کے نتیجے میں اس سٹون کریشر پلانٹ کے گردو غبار کی وجہ سے سکولی بچو ں کے صحت پر برے اثرات مرتب ہونگے ۔گوردیپ کور اور نریش کمار ورما کا کہنا ہے کہ یہ سٹون کریشر پلانٹ اس لحاظ سے بھی غیر قانونی ہے کہ یہ نالہ کے کنارے پر قائم کیا جا رہا ہے اوراس سے نکلنے والے فضلہ اور گندگی کی وجہ سے پینے کا صاف پانی بھی گندہ ہوجائے گا اور مذکورہ نالہ کا پانی نا قابل استعمال بن جائے گا۔ایک طالب علم نے بتا یا کہ سٹون کریشر پلانٹ یہا ں پر قائم سکولو ں کے اعتبار سے بھی غیر قانونی ہے کیونکہ ایک تو اس کے شور سے طالب علم ذہنی کوفت میں مبتلا ہوسکتے ہیں دوم یہ کہ اس سے اٹھنے ولا گرد و غبار کی وجہ سے ان ما حول انتہائی گندہ ہوسکتا ہے اور اس سے ان کی پڑھائی متا ثر ہو گی۔احتجاجی مظاہرے میں شامل تمام لوگوں نے مطالبہ کیا کہ یہ سٹون کریشر آ بادی اور سرکاری سکول سے ایک کلو میٹر دور لگایا جائے۔