زاہد بشیر
گول//گول سب ڈویژن میں محکمہ جل شکتی کی جانب سے کروڑوں روپیوں کے پروجیکٹ زمینی سطح پر ناقص دکھائی دے رہے ہیں اور آج بھی عوام بوند بوند کے لئے ترس رہی ہے ۔ سرکاری کی جانب سے ہر گھر نل اسکیم کے تحت اگر چہ دعوے کافی بلنددکھائی دے رہے ہیں لیکن زمینی صورتحال کچھ الگ ہے ۔ گول سب ڈویژن کی بات کریں تو یہا ں پر محکمہ ہی سب کچھ بنا ہوا ہے ۔ تمام کاموں کے ٹھیکے محکمہ خود کروا رہا ہے اور جہاں پر مزدوروں کو لگانا تھا وہاں محکمہ کے ڈیلی ویجر ملازمین کام کر رہے ہیں اور وہ ڈیلی ویجر اپنا اصل کام کرنے سے قاصر ہیں ۔محکمہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر چند ایک فوٹو اپلوڈ کر کے یہ باور کرایا جا رہا ہے کہ گو ل میں محکمہ جل شکتی سکیموں کو زمینی سطح پر بروکار لانے میں مصروف ہے لیکن حقیقت اس سے بر عکس ہے ۔ گول میں کچھ مقامات ایسے بھی ہیں جہاں کی عوام ہر روز پانی کی شدید قلت سے دو چار ہیں انتظامیہ اور محکمہ کی کان تک جوں تک نہیں رینگتی ہے اور ان لوگوں کی کوئی نہیں سنتا ۔
گول کے موئلہ علاقہ میں گزشتہ پانچ برس قبل دو حوض بنائے گئے تھے لیکن وہ ابھی تک سوکھے پڑے ہیں اور دیگر علاقوں میں جہاں پر بھی نئی پائپوں کا کام آیا ہوا ہے تمام پائپوں کو زمین کے اوپر لگایا گیا جس سے زمیندار بھی پریشان ہے ۔ اگر چہ محکمہ کو یہ پائپیں زمین دوز کرنی ہے لیکن محکمہ ایسا ہیں کر رہا ہے کیونکہ ٹھیکیدار خود محکمہ بناہوا ہے ۔ گو ل میں زوہد محلہ اور موئلہ علاقہ کے لوگ بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں لیکن ان کی کوئی نہیں سنتا ہے ۔ محکمہ کے اے ای ای سے بھی کئی مرتبہ بات کی گئی تھی لیکن انہوں نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ گول سب ڈویژن میں محکمہ جل شکتی کی جانب سے کروڑوں کے پروجیکٹ آئے اور اس کے با ضابطہ ٹینڈر لگے اور ٹھیکیداروں کے ساتھ سانٹھ گانٹھ کر کے محکمہ خود یہ تمام کام کروا رہا ہے اور من مرضی سے کام ہو رہا ہے جس وجہ سے پانی کی قلت بڑھتی ہی جا رہی ہے کیونکہ محکمہ کے عارضی ملازمین جو اپنا کام بھول کر ٹھیکیدار کا کام کر رہے ہیں وہیں دیگر ملازمین اس گنگا میں ڈوبکی لگانے سے قاصر نہیں ہے ۔ اگرزمینی صورتحال کو دیکھا جائے تو پورے سب ڈویژن میں محکمہ کی جانب سے ناقص کار کردگی سے عام لوگ پریشا ن ہیں جہاں جہاں نئی پائپیں بچھائی گئیں تمام جگہوں پر یہ پائپیں زمین کے اوپر ہی ہیں ، یہاں دور جانے کی ضرورت نہیں ہے بازار گول میںبھی یہی صورتحال ہے ۔ کشمیر عظمیٰ نے اس سلسلے میں ڈی ڈی سی چیر پرسن رام بن و ڈی ڈی سی ممبر گول چوہدری سخی محمد سے جب بات کی تو انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد علاقے کا دورہ کریں گے اور اس طرح کی لا پروائی کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے ۔