گول//پورے جموں وکشمیرکے ساتھ ساتھ ضلع رام بن کی پہاڑیوں پربھی برف باری ہوئی اورمیدانی علاقوںمیں بارشوںکاسلسلہ جاری ہے۔گول سب ڈویژن کی پہاڑیوں پرگزشتہ روز سے ہلکی ہلکی برف باری کاسلسلہ جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بعددوپہربارشوں کاسلسلہ شروع ہوا۔ موسم کے بدلتے ہی لوگوں نے گرم ملبوسات کی خریداری کے ساتھ ساتھ بالن کوذخیرہ کرنے کاکا م شروع کردیاہے۔ سردی کی لہرمیں اضافہ کے ساتھ ہی بازار کی رونقیں بھی ماند پڑ گئیں اور بارش کا دن لوگوں نے گھروں کے اندر ہی گزارا۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ برف باری سے قبل غذائی اجناس کاذخیرہ کیاجائے تاکہ شاہراہیں مسدود ہونے کی صورت میں کسی قسم کی پریشانی سے دوچار نہ ہونا پڑے۔انہوں نے انتظامیہ سے مزیدمطالبہ کیاکہ گول میں سڑکوںسے برف اٹھانے کے لئے سنوکٹرمشین فراہم کی جائے جس کی اشدضرورت ہے تاکہ گول برف باری کی صورت میں باقی علاقوں سے سڑک رابطہ سے جڑا رہے اور سڑکوں کا نقصان بھی نہ ہو۔