گول میں زیر تعمیر سڑکوں کی حالت ابتر | چلنادشوار، گاگرہ گول سڑک پر لوگوں کا احتجاج

 

زاہدبشیر

گول//گول سب ڈویژن میں مختلف مقامات پر سڑکوں کی تعمیر کے دوران ان کی حالت ابتر ہونے کی وجہ سے یہاں لوگوں کو چلنا کافی دشوار بن گیاہے جس وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ آج گول گاگرہ سڑک پر ہارہ کے مقام پر پل کی تعمیر کے دوران یہاں کچھ سڑک کے حصے پر ٹھیکیدار نے ڈوزر چلایا جس وجہ سے تمام کیچڑ سڑک پر آ گئی اور یہاں گاڑیوں کی دور کی بات پیدل چلنا بھی محال بن گیا ہے ۔

 

گاگرہ جانے والا ٹیمپو جس میں کئی خواتین ، چھوٹے بچے اور بزرگ و جوان لوگ سوار تھے ہارہ کے مقام پر کیچڑ میں پھنس گئے اور یہاں مشکل سے ٹیمپو کو نکالا ۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے ٹھیکیدار کے تئیں بے حسی اور انتظامیہ و محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے یہاں علاقے کو نظر انداز کئے جانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔سوشل میڈیا کے ذریعے ڈالے گئے ویڈیوز میں لوگوں نے کہا کہ ٹھیکیدار نے یہ نہیں دیکھا کہ سڑک پر گاڑیاں چلنی چاہئے بلکہ اس نے اپنے کام کو دیکھا اور سڑک کو بر باد کر رکھا ہے جبکہ پل کی تعمیر سڑک سے الگ ہے جب پل مکمل ہو گا اس وقت اس سڑک کو اس پل کے ساتھ جوڑا جائے گا فی الحال عارضی سڑک گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے ٹھیک تھی۔ لوگوں نے کہا کہ سڑک پر چلنا محال ہے انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اس کی طرف دھیان دے ۔ وہیں کینٹھہ بولنی ٹاپ روڈ کی بھی حالت کچھ اسی طرح سے ہے جہاں پر لوگ سڑک کی تعمیر کے دوران یہاں اس کی حالت ابتر ہونے پر انتظامیہ سے نالاں ہیں کیونکہ علاقہ میں کافی عرصہ سے تعمیر ی کام چل رہا ہے اور لوگ بھی اس دوران انتظامیہ سے بار بار یہی درخواست کرتے آئے ہیں کہ تعمیرات کے دوران سڑک پر ٹریفک میں کوئی خلل پیدا نہیں ہونا چاہئے ۔ وہیں گول موئلہ فرید آباد سے ہارہ تک سڑک کی بھی حالت ایسی ہی ہے ۔ یہ تمام سڑکیں پی ایم جی ایس وائی کے تحت آتی ہیں ۔

 

جنہوں نے اس محکمہ کو لاوارث کے طور پر چھوڑ دیا ہے اور سڑکوں کی تعمیر کے دوران جہاں ٹریفک کا کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا ہے وہیں بارشوں کے دوران تمام جگہوں پر نالیوں کے نا ہونے کی وجہ سے بارشوں کا پانی لوگو ں کی زرعی اراضی ، رہائشی مکانات میں بھی چلا گیا اور لوگ اس دوران بھی کافی پریشان تھے لیکن ان غریب عوام کی کسی نے نہیں سنی ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس لا پرواہ محکمہ کی لگام کسنے کے لئے انتظامیہ کو چاہئے کہ تمام سڑکوں پر جا کر جائزہ لیا جائے تا کہ یہاں ان مسائل کو دور کرے اور محکمہ کو ہدایت دے کہ تعمیرات کے دوران لوگوں کی پریشانیوں کا بھی خاص خیال رکھا جائے تا کہ تعمیری کام چلنے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی پریشانی نہ ہو ۔