گول میں بارشوں سے کھڑی فصلوں کوشدید نقصان

زاہد بشیر
گول//گول میں چند گھنٹوں کی بارش نے زمینداروں کو کافی نقصان پہنچایا ہے ۔ شدید بارشوں کی وجہ سے جہاں ندی نالوں میں طغیانی کی سی صورتحال بنی وہیں دوسری جانب سب ڈویژن گول کے تمام علاقوں میں مکی کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔

اس سے قبل بھی شدید بارشوں کی وجہ سے اسی فیصد نقصان پہنچا تھا اور جن علاقوں میں اُس دوران فصلات کو کم نقصان پہنچا تھا آج اُن علاقوں میں بھی مکمل طور پر مکئی کی فصل کو نقصان پہنچا ہے ۔گول کے گگر سولہ ، سلبلہ ، موئلہ ، جمن ، پرتمولہ و دیگر علاقوں کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 9اگست کے بعد دوپہر گول سب ڈویژن میں اکثر علاقوں میں مکئی کی فصل شدید بارشوں کی وجہ سے کافی نقصان پہنچا ہے ۔

لوگوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی کچھ علاقوں میں بالخصوص مکئی کی فصل کو نقصان پہنچا تھا لیکن آج جو علاقے بچے ہوئے تھے وہ بھی اس کے زد میں آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امسال برسات کی وجہ سے جہاں مکئی کی فصل کو کافی نقصان پہنچا ہے وہیں دوسری جانب سبزیوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے ، لگا تار بارشوں کی وجہ سے سبزیوں ، پھل فروٹ میں رئی کی بیماری لگی ہوئی ہے جس وجہ سے عام لوگ کافی پریشان ہیں ۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقہ جات میںمحکمہ زراعت کی ایک ٹیم کو بھیجا جائے تا کہ وہ نقصانات کا تخمینہ لگا کر لوگوں کو بھر پور معاوضہ دینے میں کلیدی رول ادا کر سکیں ۔