زاہد بشیر
گول// گول ٹھٹھار علاقہ کے بولنی ٹاپ میںاُس وقت ایک ٹپر حادثہ کا شکار ہوا جب وہ مہا کنڈ کی جانب جا رہا تھا کہ اچانک سے سڑک کی دیوار نکل گئی اور ٹپر دو سو میٹر نیچے گہری کھائی میں جا گرا ۔ بتا یا جاتا ہے کہ ٹپر زیر نمبرJK19-8035کو بولنی ٹاپ سڑک پر چل رہاتھا کہ اس دوران اس کو حادثہ پیش آیا ۔ ڈرائیور محمد الطاف ولد بشیر احمد لوہار سکنہ دلواہ کا کہنا کہ اچانک ٹپر ایک سائڈ سے نیچے ہو گیا تو دیکھا کہ سڑک کی دیوار ہی نکل رہی ہے اور مشکل سے اپنی جانوں کو بچایا ۔ وہاں پر موجود مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان محکموں نے سڑکوں کی تعمیرات میں ناقص میٹریل کا استعمال کیا ہے جس وجہ سے اس طرح سے اتنی بڑی دیوار اچانک خشک موسم میں کھسک گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دیواروں میں ریت کے سوا کچھ نہیں لگا ہے سیمنٹ کا نام و نشان بھی نہیں ہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک میں غیر معیاری میٹریل لگائے جانے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہے تا کہ اس طرح سے سڑکوں کی حالت ابتر نہ ہو اور کسی بھی وقت اس طرح کی غیر معیاری تعمیرات سے کوئی بڑی حادثہ پیش آ سکتا ہے۔