گور نمنٹ ہائی سکول گوہلد میں عملے کی قلت ۔300سے زائد بچوں کا مستقبل تاریک ،انتظامیہ خاموش

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژں کے گور نمنٹ ہائی سکول گوہلد میں تدریسی و غیر تدریسی عملے کی قلت کی وجہ سے 300سے زائد زیر تعلیم طلباء کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رمسا کے تحت مذکورہ سکول کا درجہ بڑھا کر ہائی سکول کیاگیا تھا لیکن اس کو چلانے کیلئے آج تک ٹیچروں کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ سکول کو مڈل سکول کے سٹاف ممبران کے ذریعہ چلایا جارہا ہے ۔

 

غور طلب ہے کہ مذکورہ ہائی سکول میں نویں اور دسویں جماعت میں زیر تعلیم طلباء کو سائنس اور ریاضی کی تعلیم فراہم کرنے کیلئے کوئی بھی مخصوص ٹیچر تعینات نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ رمسا سکیم کے تحت درجہ بڑھائے جانے سے قبل سکول میں ہیڈ ماسٹر تک تعینات نہیں تھا لیکن اس وقت بھی تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی آسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔

 

انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں بچوں کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کی جارہی ہے تاہم محکمہ ایجوکیشن کیساتھ ساتھ انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکول میں جلدازجلد عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ ان کے بچوں کا مستقبل بچ سکے ۔