جموں// ریاستی کلچرل اکادمی کے زیراہتمام’’گوجری زبان:ماضی،حال اورمستقبل ‘‘ موضوع پر منعقدہ دوروزہ کانفرنس اختتام پذیرہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ اختتامی تقریب میں وائس چیئرمین گوجربکروال مشاورتی بورڈ چوہدری ظفرعلی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے گوجری ادباء ،شعراء ودانشوروںپرگوجری زبان کی ترقی کیلئے مجموعی کاوشوں کرنے کیلئے زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ ، اس کی ثقافت اورزبان کی ماضی میں ایک مخصوص شناخت رہی ہے جس کوتحفظ دینے کیلئے اقدامات اٹھاناوقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے جے اینڈکے اکیڈمی آف آرٹ کلچراینڈلنگویجز کے سیکریٹری ڈاکٹر عزیزحاجنی کا گوجری زبان کے ماضی، حال اورمستقبل سے متعلق غوروخوذ کرنے کیلئے ریاستی سطح کی دوروزہ کانفرنس منعقدکرنے کے اقدام کوسراہا۔انہوں نے امیدظاہرکی ایسے اقدام سے گوجری زبان کی ترویج میں مددملے گی۔اس دوران کانفرنس میں ریاست بھرکے ادباء، شعراء اوردانشوروں نے حصہ لے کر گوجری زبان وادب کے مسائل اورمتعلقہ پہلوئوں پرتفصیلی خیالات کااظہارکیا۔کانفرنس کے آخری روز مقالات کے دواکیڈمک سیشن منعقد ہوئے جس کی صدارت پروفیسر ظہورالدین نے کی۔اس موقعہ پرخیالات کااظہارکرتے ہوئے پروفیسر ظہورالدین نے کہاکہ کلچرل اکادمی کی طرف سے دوروزہ گوجری کانفرنس منعقدکرنے سے گوجری کے ادباء کو زبان کی ترقی کیلئے کام کرنے کاموقعہ میسرہوگا۔ اس موقعہ پر سیکریٹری کلچرل اکادمی ڈاکٹرعزیزحاجنی نے بھی خیالات کااظہارکرتے ہوئے گوجری کی ترویج کیلئے مجموعی کاوشوں کوناگزیرقراردیا۔ انہوں نے گوجری ادباء ودانشوروں کو بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔کانفرنس کی اختتامی تقریب میں نامور براڈ کاسٹر عبدالحمیدکسانہ کی معروف سیاستدان مرحوم چوہدری محمدشفیع کھٹانہ کی زندگی اورکارناموں سے متعلق تصنیف کردہ کتاب ’’سالارِ کارواں ‘‘کابھی اجراء کیا۔اس موقعہ پر پروین چودھری نے گوجری گیت بھی پیش کیا۔بعدازاں ایک گوجری مشاعرے کابھی اہتمام کیاگیاجس میں متعدد شعراء نے اپنا گوجری کلام پیش کیا۔ اس دوران کانفرنس کی اختتامی تقریب کی نظامت کے فرائض ایڈیٹرکم کلچرل افسرگوجری ڈاکٹر شاہنوازنے خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔