گجرات کے ٹھگ کی آوبھگت کانگریس کا راجیہ سبھامیں بحث کرانے کامطالبہ

سرینگر//شکتی سنگھ گوہل نے کشمیر میں پی ایم او کے اہلکار کے طور پر گرفتار کیے گئے ایک ٹھگ کے معاملے پر راجیہ سبھا میں بحث کرانے کی خواہش کی۔کانگریس ایم پی شکتی سنگھ گوہل نے پیر کو راجیہ سبھا میں قاعدہ 267 کے تحت نوٹس دیا ہے۔ گوہل نے کشمیر میں پی ایم او کے اہلکار کے طور پر گرفتار کیے گئے ایک ٹھگ کے معاملے پر راجیہ سبھا میں بحث کرانے کی خواہش کی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کس طرح کرن پٹیل کو زیڈ پلس سیکورٹی دی گئی اور سرحدی علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت دی گئی۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ کرن پٹیل، جنہیں جمعرات کو پی ایم او کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے طور پر خود کو ظاہر کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا، وہ جموں و کشمیر کے اپنے تیسرے وی وی آئی پی دورے پر تھا۔ لیکن اس بار وہ پکڑا گیا۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر اسے سری نگر کے للت گرینڈ پیلس ہوٹل سے گرفتار کیا۔واضح ہو کہ اس معاملے میں بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت سے سوال کیا تھا کہ پی ایم او کا افسر بن کر رہنے والے کرن پٹیل کو زیڈ پلس سیکورٹی کیسے ملی اور وہ چار مہینے تک جموں و کشمیر میں کیسے گھومتا رہا۔ انھوں نے کہا کہ ٹھگ کرن پٹیل خود کو وزیر اعظم دفتر کے ایک سینئر افسر کی شکل میں پیش کر کے اوڑی سیکٹر میں فوجی چوکیوں پر بھی گیا اور اسے مکمل سرکاری پروٹوکول فراہم کیا گیا۔