خرید و فروخت پر پولیس کی کڑی نگرانی
سرینگر//وادی میں گاڑیوں کے غلط استعمال اور ان کی خرید و فروخت میں بے ضابطگیوں کو روکنے کے لیے پولیس نے مختلف اضلاع میں بیک وقت وسیع مہم شروع کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کے شورومز، پرانے وہیکل ڈیلرشپس اور ریکارڈ رجسٹرز کی تفصیلی جانچ کی۔ یہ اقدامات سیکیورٹی کے جاری انتظامات کا حصہ ہیں تاکہ کسی بھی گاڑی کو غیر قانونی، سماج دشمن یا ملک دشمن سرگرمیوں میں استعمال ہونے سے روکا جا سکے۔گاندربل میں پولیس نے کل ضلع میں موجود تمام پرانے وہیکل سیلپرچیز یونٹس کا معائنہ کیا۔ مختلف پولیس اسٹیشنوں کی خصوصی ٹیموں نے دستاویزات، ملکیت کے ریکارڈ، ٹرانزیکشن رجسٹرز اور گاڑیوں کی تصدیق کا جائزہ لیا۔ اس دوران مالکان اور عملے کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ، کسٹمر کی شناخت اور لین دین کی تمام تفصیلات باقاعدہ طور پر محفوظ رکھی جائیں۔پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ میں پولیس نے گاڑیوں کے معاملے میں مبینہ مشکوک عناصر کی نشاندہی کے بعد ضلع گیر انکوائری شروع کی۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے اپنی حدود میں موجود تمام کار ڈیلرز کا ریکارڈ چیک کیا، خاص طور پر ایسے معاملات کا جائزہ لیا گیا جہاں ایک ہی شخص نے متعدد گاڑیاں خریدی ہوں۔ڈیلرز کو خریدار و فروخت کنندہ کے آدھار، فون نمبر اور مکمل تفصیلات درج کرنے کی سخت ہدایات دی گئیں۔ادھر کولگام پولیس نے جمعہ کے روزضلع بھر میں مختلف مقامات پر معائنہ کیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس آپریشن میں اسکریپ ڈیلروں اور سیکنڈ ہینڈ گاڑی فروشوں پر توجہ مرکوز کی گئی، جس کا مقصد ریکارڈ، گاڑیوں کے ذرائع کی تصدیق کرنا اور تمام کاروباری لین دین کو درست طریقے سے دستاویزی اور قانونی طور پر یقینی بنانا تھا۔چھاپوں کے دوران متعلقہ دستاویزات اور گاڑیوں کے پرزے چیک کئے گئے اور کچھ کو تصدیق کیلئے قبضے میں لے لیا گیا۔ادھرضلع شوپیاں میں بھی پولیس نے گاڑیوں اور مختلف کار ڈیلروں کے پاس موجود ریکارڈز کی جانچ شروع کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی فزیکل جانچ اور ریکارڈ کی جانچ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی جو نگرانی میں اضافہ، قوانین پر عمل در آمد اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔