کھٹوعہ میں 3 طالب علم نہانے کے دوران ڈوب گئے ماور لنگیٹ میں طالبہ پل سے گر کر لقمۂ اجل

امجد شاہ+اشرف چراغ

جموں+کپوارہ//جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے تین طالب علم نہانے کے دوران ڈوب گئے۔ بلاور علاقے میں گیارہویں جماعت میں زیر تعلیم تین طالب علموں کی لاشیں برآمد ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ طالب علم گزشتہ روز پُراسرار طور پر لاپتہ ہوئے تھے۔ مذکورہ طالب علم جمعرات کے روز اسکول گئے اور جب دیر رات تک وہ گھر نہیں پہنچے تو اہل خانہ نے پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی۔ جمعہ کے روز پولیس نے لاپتہ طالب علموں کی تلاش شروع کی اور بعد دوپہر بلاور کے بینی دریا کے نزدیک طالب علموں کی لاشیں برآمد کی گئی۔ متوفین کی شناخت شیتل کمار ولد اجیت کمار،پنکج شرما ولد رومیش چندر اور پنکج شرما ولد روشن لال کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں کی کیسے موت واقع ہوئی اس کی جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے، تاہم غالب امکان یہ ہے کہ 11ویں جماعت کے تینوں طالب علم نہانے کے دوران ڈوب گئے ہونگے۔ادھر نوگام ماور لنگیٹ علاقہ میں ایک معصوم طالبہ اس وقت پل سے گر کر لقمہ اجل بن گئی جب وہ سکول سے گھر واپس آ رہی تھی ۔ آرمی گڈ ویل سکول نوگام میں زیر تعلیم عالیہ رفیق دختر رفیق احمد جب چھٹی سے گھر واپس آرہی تھی تو وہ پیر پھسلنے سے نالہ میں جاگری جس کی وجہ سے وہ شدید طور زخمی ہوئی ۔مقامی لوگو ں اور ہائی سکول نوگام کے طالب علمو ں نے عالیہ کو پرائمری ہیلتھ سنٹر قلم آ باد میں داخل کیا ، جسے بعد میںصورہ منتقل کیا گیا ۔تاہم وہ زخموں کی تاب نالاکر زندگی کی جنگ ہار گئی ۔