ریاسی//ضلع ریاسی تحصیل ارناس کے کوڑی علاقہ کے لوگوں نے انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور ریاسی جڈا سڑک کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا۔ مطاہرین کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی،پی ایچ ای،سی اے پی ڈی سے کے اعلیٰ حکام کے پاس وفد لیکر بھی گئے لیکن پھر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ وہ محکمہ بجلی کو کرایہ بھی ادا کرتے ہیں پھر بھی محکمہ بجلی سپلائی کرنے میں ناکام ثابت ہوتا ہے۔اس کے علاوہ مظاہرین مانگ کر رہے تھے کہ وہ کئی مہینوں سے راشن سے محروم ہیں اور محکمہ پی ایچ ای پانی سپلائی کرنے میں ناکام ہے۔علاقہ میں پانی کی پائپیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور محکمہ پائپوں کی مرمت کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھا رہا ہے۔نائب تحصیلدار ارناس گولیر سنگھ موقع پر آئے اور لوگوں کو یقین دلایا وہ ان کی مشکلات کو اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔اس کے علاوہ تحصیل ارناس،درماڑی،سب ڈویژن مہور کے الگ الگ مقامات سے لوگوں نے شکایت کی ہے علاقہ میں بجلی کٹوتی کا کوئی شیڈول نہیں ہے اور چچی جمسلان،بگہ گنڈی اور دیگر مقامات پر بجلی کی ترسیلی تاریں پولوں کے بجائے سبز پیڑوں کے ساتھ لگائی گئی ہیں جو کبھی بھی بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے ماہ رمضان میں افطاری اور سحری کے وقت بجلی کٹوتی نا کی جائے اور پانی کی سپلائی وقت پر دی جائے۔