کوٹرنکہ کالج میں این ایس ایس کیمپ اختتام پذیر

محمد بشارت

کوٹرنکہ //گور نمنٹ ڈگری کالج کوٹرنکہ میں چل رہا این ایس ایس کیمپ اختتام پذیر ہو گیا ہے ۔این ایس ایس کیمپ جو 17 مارچ 2023 کو شروع ہوا تھا،کالج میں منعقدہ ایک تقریب کے بعد اختتام پذیر ہوا ۔اس سلسلہ میں کالج میں ایک تقریب پرنسپل ڈاکٹر راجندر سنگھ کی مجموعی نگرانی میں منعقد ہوئی جس میں جاوید اقبال چوہدری چیئرپرسن بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کوٹرنکہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔پروگرام میں این ایس ایس کے رضاکاروں اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ کالج کے طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔سات روزہ کیمپ کے دوران منعقد ہونے والی تقریبات اور سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے این ایس ایس کے پروگرام آفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق نے کہا کہ کیمپ کا افتتاح 17 مارچ کو کالج کے پرنسپل نے کیا اور اس کے بعد بڑی تعداد میں مباحثہ جیسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر راجندر سنگھ نے کہا کہ یہ کالج کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ مذکورہ کیمپ کالج میں پہلا کیمپ ہے ۔انہوں نے این ایس ایس پروگرام آفیسر اور یونٹ کی تعریف کی کہ انہوں نے کیمپ کو احسن طریقے سے منعقد کیا۔جاوید اقبال چوہدری نے طلباء کے ساتھ اپنی زندگی کے تجربات شیئر کئے اور انہیں معاشرے کے لئے کام کرنے کی ترغیب دی۔