سری نگر//جموں کشمیر سمیت پورے ملک میں کورونا کی دوسری لہر سے پیدا شدہ حالات پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے رہنما یوسف تاریگامی نے محکمہ صحت پرزوردیا ہے کہ وہ اسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے ہرقسم کی سہولیات کو بہم رکھنے کیلئے اقدامات کریں ۔ایک بیان میں یوسف تاریگامی نے اسپتالوں میں Remidisviarدوائی کی قلت پر فکرمندی ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی ایک بڑی تعداداسپتالوں کارُخ کررہی ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں نہ صرف بستروں بلکہ وینٹی لیٹروں اور آکسیجن سمیت دیگر ادویات کی کمی پیدا ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے ملک بھر میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے ملک بھر کے علاوہ جموں کشمیرمیں محکمہ صحت کی کارکردگی پرسوالیہ لگاہے۔انہوں نے کووِڈ- 19کے خلاف صف اول پر کام کرنے والے کارکنوں کی کوششوں کو سراہا ،تاہم انہوں نے کہا کہ اس وقت بحران عروج پر ہے اور ہمیں مزید چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسپتالوں کے اوپی ڈی بند کرنے پر بھی ناگواری کااظہار کیا اور کہا کہ نجی اسپتالوں اور کلنکوں پرمریضوں کا ملاحظہ کیا جارہا ہے اورروہاں جراحیاں بھی انجام دی جاتی ہیں لیکن سرکاری اسپتالوں میں کووِڈ کے بغیر دیگرامراض کے مریضوں کے داخلے کو بند کرکے غریبوں کیلئے مشکلات پیدا کردی گئیں ۔