سرینگر //ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے وادی کے دارالعلوموں،یتیم خانوں، آشرموں، گردواروں، چرچوں اور بچوں کیلئے مخصوص گھروں میں زیر تعلیم بچوںکو کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچانے کیلئے کورونا مخالف ٹیکہ لگانے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر PS/DHSK/2021/4810-4905بتاریخ 9جولائی 2021میں لکھا ہے کہ ممکنہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کی روکتھام کیلئے، یہ محسوس کیا جارہا ہے کہ وادی کے دارلعلوموں، یتیم خانوں، آشرموں، گردواروں، چرچوں اور بچوں کے مخصوص گھروں میں رہنے والے اور زیر تعلیم بچوں کیلئے کورونا مخالف ٹیکہ کاری کا اہتمام کیا جائے تاکہ مذہبی اداروں میں پڑھنے والے بچوں کو کورونا مخالف ٹیکہ لگوائیں جائیں۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلئے تمام چیف میڈیکل افسران،میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں،بلاک میڈیکل آفسران کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ مذہبی اداروں میں کام کرنے والے عملہ اور زیر تعلیم بچوں کو جنگی بنیادوں پر کورونا مخالف ٹیکہ لگاوائیں تاکہ وہاں زیر تعلیم بچوں اور عملہ کو کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچایا جاسکے۔