کنگوٹہ میں آئی ایس ایم ڈسپنسری 18برسوں سے تشنہ تکمیل تعمیراتی ایجنسی پر لاکھوں روپے خرد بُرد کرنے کا الزام عائد

سید زاہد
بدھل //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے کنگوٹہ علاقہ میں تعمیر کی جارہی آئی ایس ایم ڈسپنسری گزشتہ 18برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو رہی ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا جوں کا توں ہی سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ پبلک ورک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 2004میں مذکورہ ڈسپنسری کی تعمیر کا عمل شروع کیاگیا تھا لیکن اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مبینہ طورپر مذکورہ ڈسپنسری کی تعمیر کے سلسلہ میں ابھی تک 32لاکھ روپے جاری کئے جاچکے ہیں لیکن زمینی سطح پر ڈسپنسری آثار قدیمہ کی عمارتوں جیسی بنتی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور تعمیر اتی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات میں لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ علاقہ میں کوئی متبادل طبی ادارہ نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں ہر گزرتے روز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔عوام نے کہا کہ حکومت نے عمارت کی تعمیر کے لئے اگرچہ لاکھوں روپے جاری کئے لیکن ابھی تک ان کو بنیادی سہولیات ہی نہیں مل سکی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری اور ڈائرکٹر آیوش جموں سے اپیل کی کہ وہ آئی ایس ایم ڈسپنسری کنگوٹہ کے زیر التواء تعمیراتی کام کو شروع کرنے کے لئے مناسب فنڈ فراہم کریں اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ مذکورہ تعمیراتی عمل کو جلدازجلد مکمل کیاجاسکے ۔