کنگن میں سکوٹی سوار لقمۂ اجل بارہمولہ میں نوجوان ڈوب گیا

غلام نبی رینہ+فیاض بخاری

 

کنگن+بارہمولہ//گنی ون کنگن میں سڑک کے ایک المناک حادثہ میں سکوٹی سوار جاں بحق ہوا۔پولیس نے بتایا کہ کسانہ پتی گنی ون کنگن میں ٹرک زیر نمبر/3295 JK04Fنے سکوٹی زیر نمبر JK16B/3357 کو شدید ٹکر مار ی جس کے نتیجے میں 28 سالہ سکوٹی سوار عاشق احمد رینہ ولد غلام محمد رینہ ساکن مامر کنگن موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ پرائمری ہیلتھ سنٹر گنی ون میں تعینات ڈاکٹر تنویر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگرچہ زخمی نوجوان کو فوری طور ہسپتال لایا گیا لیکن اس کی موت واقع ہوچکی تھی۔

 

ادھر بارہمولہ کے نملن ناروا ئوعلاقے میں ایک 20 سالہ نوجوان نہانے کے دوران ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا۔ سہیل احمد بٹ ولد عبدالمجید ساکن بدمولہ، پیر کی شام سے لاپتہ تھا ۔جس کے بعد اہل خانہ کو پتہ چلا کہ سہیل نملن علاقے میں آبشار میں نہانے گیا تھا ۔ اہل خانہ ،اس کے رشتہ دار اور پولیس جائے واردات پر پہنچے اور مذکورہ لڑکے کی تلاش شروع کردی۔ اس کے کپڑے آبشار کے کنارے پر تھے۔جس کے بعد ایس ڈی آر ایف ٹیم بھی علاقے میں پہنچی اورنوجوان کی لاش آبشار سے برآمدکی۔