کم وقت میں اپنی پارٹی کو عوامی مقبولیت حاصل :الطاف بخاری عوام کے توقعات پر اُترنے کیلئے کارکنوں پر ذمہ داریوں کا بوجھ

سرینگر//اپنی پارٹی کویہ اعزازحاصل ہے کہ اس جماعت کوبہت کم وقت میں عوامی مقبولیت اورپزیرائی حاصل ہوئی۔اس بات کااظہار پارٹی کے صدرسیدمحمدالطاف بخاری نے تنظیم کی ضلع سطح کی حال ہی میں تشکیل دی گئی باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایک بیان کے مطابق اجلاس میں جموں و کشمیر کے موجودہ سیاسی منظر نامے کا جائزہ لینے کے علاوہ تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری نے شوپیاں میں پارٹی کی ضلعی باڈی کو مزید فعال اور متحرک بنانے کیلئے اس کی تشکیل نو پر ظفر اقبال منہاس کا شکریہ ادا کیا اور کہا،’’اپنی پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ جموں کشمیر کی واحد سیاسی جماعت ہے، جسے بہت کم وقت میں عوامی مقبولیت اور پذیرائی حاصل ہوئی۔ اپنی پارٹی نے مارچ 2020 میں قیام کے بعد بہت کم وقت میں لوگوں کا اعتماد حاصل کیا۔ جبکہ 12 نومبر کو وادی کے کونے کونے سے جس جوش و خروش کے ساتھ لوگ ہمارے جلسے میں شرکت کرنے کیلئے امڈ آئے اس سے تاثر مزید قوی ہوگیا ہے کہ عوام کو اپنی پارٹی کے شفاف ایجنڈے اور پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے۔‘‘تاہم اْن کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کی وجہ سے پارٹی کے لیڈران اور کارکنان پر ذمہ داریوں کا مزید بوجھ پڑھ گیا ہے۔ انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا اور عوامی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔ ہم نے جیلوں سے نوجوانوں کو نکالنے، اْنہیں با وقار زندگی جینے کے مواقع فراہم کرانے، سماجی اور انتظامی انصاف کو بحال کرانے، عوام کو اْن کے سیاسی اور آئینی حقوق دلانے اور اںہیں سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار بنانے کیلئے جدوجہد کرنے کے وعدے کئے ہیں، جن پر ہمیں کھرا اترنا ہوگا۔‘‘جموں و کشمیر میں معاشی بدحالی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ ایل جی انتظامیہ جموں و کشمیر میں تجارت اور اہم صنعتوں کی مدد کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اپنی پارٹی کو عوامی مینڈیٹ حاصل ہوگا تو یہ جموں کشمیر کی تجارت اور صنعت کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات کرے گی۔اس موقع پر ظفر اقبال منہاس نے کئی عوامی عوامی مسائل مصائب کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پارٹی کو ان عوامی مسائل کے ازالے کیلئے متحرک ہوجانا چاہیے تاکہ عوام کو راحت ملے۔انہوں نے کہا، “لوگوں کو گونا گوں مسائل کا سامنا ہے۔ فی الوقت بجلی فیس میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے پسماندہ طبقے کی کمر دوہری ہوگئی ہے۔