کمپنی کیخلاف ویجی لنس کیس کا کیا ہوا؟ رعناواری ہسپتال کا لفٹ 10سال سے خراب،مریضوں کو مشکلات کا سامنا

 پرویز احمد

سرینگر //جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری کے وارڈ بلاک میں سال 2013میں نصب کئے گئے لفٹ خراب پڑے ہیں اور محکمہ صحت کا کوئی بھی افسر ان لفٹوں کو ٹھیک کرانے کیلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھا رہا ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ سب ضلع اسپتال پٹن اور رعناواری اسپتال سرینگر میں سال 2014میںلفٹ خراب ہوگئے تھے لیکن حاملہ خواتین، امراض قلب میں مبتلا مریضوں اور عمر رسیدہ افراد کو روزانہ بنیادیوں پر درپیش مشکلا ت کو دیکھنے کے باوجود بھی محکمہ صحت کے کسی بھی افسر نے نئے لفٹ نصب کرنے کیلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر معیاری لفٹ نصب کرنے کی وجہ سے کمپنی کے خلاف ویجلنس میں کیس دائر ہے لیکن اس کے بائوجود بھی نئے لفٹ لگانے کیلئے اعلی افسران کو چھٹی لکھی گئی ہے۔

 

 

سال 2013میں ضلع اسپتال بارہمولہ، لل دید اسپتال سرینگر اور رعناواری اسپتال میں جے کے پی سی سی نے لفٹ نصب کرائے لیکن لفٹ غیر معیاری ہونے کی وجہ سے رعناواری اسپتال کی نئی بلڈنگ میں منتقلی سے قبل ہی خراب ہوگئے۔ تینوں اسپتالوں میں لگی لفٹوں کو5سال قبل محکمہ میڈیکل ڈویژن نے غیر معیاری قرار دیا ہے اور ان لفٹوں کو تبدیل کرنے کی سفارش کی تھی۔ ضلع اسپتال بارہمولہ اور لل دید اسپتال میں میکنکل ڈویژن کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے تمام لفٹوں کو تبدیل کیا لیکن محکمہ صحت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے رعناواری اسپتال میں ان لفٹوں کو تبدیل کرنے کا کوئی بھی اقدام نہیں کیا گیا ۔ جواہر لال نہرو میموریل اسپتال شہر خاص کی 3لاکھ سے زائد آبادی کو طبی سہولیات فراہم کررہا ہے لیکن اسپتال مریضوں کیلئے لفٹ کی سہولیت سے قاصر ہے۔ رعناواری اسپتال میں زچگی، امراض قلب میں مبتلا افراد ، بیمار بچوں کے تیمارداروں اور بیماری عمر رسیدہ افراد کی بھیڑ لگی رہتی ہے کیونکہ اسپتال میں روزانہ 2000سے 3000مریض علاج و معالجہ کیلئے آتے ہیں لیکن اسپتال میں مریضوں کے وارڈ تک پہنچنے کیلئے نصب کئے گئے لفٹ خراب ہے۔ سفیرا نامی ایک خاتون نے بتایا ’’ ڈاکٹر ہی حاملہ خواتین کو زیادہ سیڑھیاں چڑھنے سے منع کرتے ہیں اور ہم گھر میں اس پر عمل بھی کرتے ہیں مگر اسپتال پہنچنے پر علاج اور زچگی کیلئے سڑھیاں چڑنی پڑتی ہیں۔ سفیرا نے بتایا کہ ایک حاملہ خاتون کیلئے ایک سیڑھی چڑھنا مشکل ہوتا ہے لیکن ہم کو اس اسپتال میں 5سیڑھیاں چڑھنی پڑتی ہے۔جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر تجمل حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ لفٹ لگانے والی کمپنی نے غیر معیاری لفٹ لگائے ہیں اور اس لئے پچھلے کئی سال سے ان پر ویجلنس کا کیس چل رہا ہے ‘‘۔ڈاکٹر تجمل نے کہا کہ ہم خود اس کے ساتھ ہاتھ نہیں لگا سکتے اوراس لئے اس مسئلہ کو لیکر ہم نے محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کے علاوہ سرکار کو بھی چھٹی لکھی ہے کیونکہ مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔