بڈگام//مرکزی وزیر برائے خواتین وبہبوی اطفال سمرتی زبین ایرانی نے کہاکہ کشمیرمیں اعلیٰ معیار کے سیبوں کے دوسرا بڑا عالمی خطہ بننے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر متعارف کرانے کیلئے پھلوں کی پیداوار میں تنوع کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر خوش قسمت ہے کہ اسے ساز گار ماحول ، موسم ، یہاں تک کہ ذرخیز زمین حاصل ہے تا کہ باغبانی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل ہو ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر نے مالپورہ ماگام میں ہائی ڈینسٹی باغ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے کسانوں سے بات چیت کے دوران کیا ۔ وزیر نے نئے ترقی پسند کسانوں کی کوششوں کو سراہا کہ وہ اپنے پرانے کم پیداوار والے باغ کو نئی قسم کی اعلیٰ پیداوار والے پودوںمیں تبدیل کررہے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے انہیں بتایا کہ انہوں نے اپنے سیب کی پیداوار میں انقلابی اضافہ دیکھا ہے جن کی بازار میں مانگ ہے۔ وزیر نے اس موقع پر متعلقہ ہارٹیکلچر حکام کو ہدایت دی کہ وہ علاقوں میں آگاہی کیمپ لگائیں تا کہ زیادہ سے زیادہ ترقی پسند کسان اعلیٰ تنوع کے پودے لگانے میں شامل ہوں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت باغ مالکان کوہرقسم کی مدد بشمول ، تکنیکی رہنمائی ، بینکوں کے ذریعے قرضے فراہم کرے گی ۔ اس سے پہلے اپنے دورے کے دوران وزیر نے کرافٹ ولیج کانیہامہ کا دورہ کیا۔اس دوران وزیر نے مقامی کاریگروں سے بات چیت کی اور ان سے معلوم کیا کہ اس قسم کی قیمتی اور مہنگی مصنوعات کس طرح بنائی اور فروخت کی جاتی ہے ۔ وزیر نے مقامی کاریگروں کی بنائی کی مہارت کا بھی معائنہ کیا ۔ اس موقع پر سمرتی زبین ایرانی نے کہا ،’’ میں ان اعلیٰ ہُنر مند کاریگروں کی مہارت ، لگن اور صبر کو دیکھ کر بہت پُر جوش ہوں، جو اپنی اعلیٰ قیمت کی کنی شال اور دیگر مصنوعات بناتے ہیں ‘‘ ۔ اپنی بات چیت کے دوران انہوں نے متعلقہ کاریگروں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی خواہاں ہے تا کہ اسے دُنیا بھر میں مارکیٹ دستیاب ہو ۔ وزیر نے کاریگروں پر زور دیا کہ وہ پوری کوشش کے ساتھ کام کریں اور کنی شال کے معیار اور اصلیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں ۔ ماگام میں رُکنے پر وزیر نے ڈگری کالج ماگام کے لان میں قائم انیمیا کیمپ کا افتتاح کیا ۔ اس کے علاوہ وزیر نے جے اینڈ کے سپورٹس کونسل کے جدید نمونوں پر تعمیر اور تیار کردہ سپورٹس سٹیڈیم ماگام کا بھی افتتاح کیا ۔ اسٹیڈیم میں وزیر نے اس موقع پر دو مقامی کلبوں کے درمیان کھیلے جانے والے فٹ بال میچ کو بھی دیکھا ۔