کشمیر میں پتھربازی تقریباًختم حریت اور جماعت اسلامی خونی کھیل، کھیل رہے تھے:ڈی جی پی

یو این آئی

سرینگر//جموں وکشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے جمعہ کے روز کہاکہ ملی ٹینسی کا قلع قمع کرنے کی خاطر عوام الناس نے سیکورٹی ایجنسیوں کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کیا۔انہوں نے کہاکہ اگر آج یہاں پر امن و امان کی فضا قائم ہے تو اْس میں لوگوں کا بھی بہت بڑا ہاتھ ہے۔پولیس سربراہ نے کہا کہ شہر خاص میں سنگبازی تقریباً ختم ہو چکی ہے اور یہاں کا نوجوان طبقہ بھی اب دشمن کے سازشوں کو سمجھ چکا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ حریت اور جماعت اسلامی پاکستانی ایجنسیوں کے اشاروں پر نوجوانوں کو تشدد کے لے اْکسا رہے تھے‘‘۔ موصوف سرینگر میں تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر میں ہر سو امن و امان کا ماحول قائم ہے اور سبھی اضلاع میں لوگ آزاد فضائوں میں سانسیں لے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے تباہی وبربادی کا منظر دیکھا ہے جس وجہ سے یہاں قیمتی جانیں ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہوئی۔

 

اْن کے مطابق آج ہم محسوس کرتے ہیں کہ تباہی کا دور ختم ہو چکا اور اب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔پولیس سربراہ کے مطابق امن دشمن عناصر نے کشمیر کے لوگوں کو کافی زخمی دیئے جس وجہ سے بہت ساری قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔انہوں نے کہا :’ جو کانٹے بوئے گئے تھے اْن کا سیکورٹی فورسز نے لگ بھگ صفایا کیا، اب چند باقی رہ چکے ہیں اْن کا بھی بہت جلد صفایا ہوگا۔ ‘دلباغ سنگھ نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حالات کو معمول پر لانے اور ملی ٹینسی کا قلع قمع کرنے کی خاطر لوگوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی مشن اْس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک نہ مقامی لوگ سیکورٹی ایجنسیوں کا ساتھ دیں۔اْن کے مطابق امن کے ماحول کو قائم کرنے میں لوگوں کا سب سے بڑا ہاتھ ہوتا ہے۔پتھر بازی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں دلباغ سنگھ نے کہاکہ شہر خاص میں پتھر بازی کے واقعات اب قصہ پارینہ بن گئے ہیں کیونکہ یہاں کے نوجوانوں کو سمجھ آیا ہے کہ اْنہیں اکسایا جارہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ کانٹے صر ف پاکستا ن میں ہی نہیں بلکہ جموں وکشمیر کی سرزمین پر بھی موجود ہیں جنہیں اکھاڑ پھینکا گیا اور اب بھی کچھ بچے ہیں جنہیں بہت جلد نیست و نابود کیا جائے گا۔اْن کے مطابق جموں وکشمیر میں ایسے عناصر موجود ہیں جو پاکستانی ایجنسیوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں اور یہاں پر تشدد کو ہوادے رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ حریت کانفرنس اور جماعت اسلامیپاکستانی ایجنسیوں کے اشاروں پر جموں وکشمیر میں خونی کھیل کھیل رہے تھے لیکن اب نوجوان اْن کی چالوں سے بخوبی آگاہ ہے۔دلباغ سنگھ نے مزید کہاکہ کشمیر کے نوجوان اب سمجھ چکے ہیں کہ اس خونی کھیل سے قیمتی جانیں تلف ہوئیں لہذا وہ اب امن کی راہ پر چل پڑے ہیں۔اْن کے مطابق وادی کشمیر میں سیکورٹی گرڈ کافی مضبوط ہے اور امن دشمن عناصر کی سرکوبی کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اْٹھائے گئے ہیں۔