کشتواڑ کے سرتھل میں درنجی تا گامرہ سڑک عوام کیلئے درد سر

عاصف بٹ

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے علاقہ سرتھل کی پنچایت کرول کی عوام گذرشتہ چندسال سے اپنے گاؤں کو سڑک رابطے سے جوڑنے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں وہ متعدد بار حکام سے مل چکے ہیں لیکن بقول عوام ضلع انتظامیہ اور ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی چند عناصر کی شہ پر عوام کی ان سنی کر رہے ہیں جس کا خمیازہ علاقے کے غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔عام آدمی پارٹی جموں و کشمیر کے سینئر رہنما شیخ امتیاز بشیر نے بتایا کہ مذکورہ سڑک ،جو کہ بس سٹینڈ سرتھل سے درنجی سے ہوتے ہوئے گامرہ تک تعمیر ہو رہی ہے، کی سروے متعدد بار کرائی جا چکی ہے لیکن بدقسمتی سے سروے کے دوران ہی اس سڑک کو سیاست کا شکار بنایا جاتا ہے۔

 

 

انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کی اکثریت اس بات کی متمنی ہے کہ اس سڑک کو درنجی ، ہائی ، اور گامرہ جیسے دیہات کے درمیان تعمیر کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فایدہ پہنچ سکے لیکن حکام عوام کی امنگوں کو بالائے طاق رکھ کر اس سڑک کو اپنی مرضی سے موڑنے پر مصر ہیں۔ شیخ امتیاز بشیر کے مطابق حکام چند لوگوں کو فایدہ پہنچانے کیلئے پوری بستی کو تباہی کرنے کے درپے ہیںا۔ نہوں نے مزید بتایا کہ سابق گورنر ستیہ پال ملک اس سڑک کے متعلق حکام کو احکامات جاری کر چکے ہیںلیکن ان کے احکامات کو بھی بالائے طاق رکھا گیا۔انہوں نے حکام کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اب اس سلسلے میں ذرا سی بھی نا انصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر حکام نے پھر سڑک کا حلیہ بگاڑنے کی کوشش کی تو یہ بات فوری طور پر لیفٹیننٹ گورنر کی نوٹس میں لائی جائے گی۔