کشتواڑ//کشتواڑ میں آل جموں ،کشمیر و لداخ ٹیچرس فیڈریشن کی جانب سے یک روزہ ٹیچرس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ، جس میں ڈیلی گیٹوں نے ریاستی سرکار کو اساتذہ برادری کے خلاف اپنائے گئے رویہ کی تنقید کی۔کانفرنس کا افتتاح فیڈریشن کے ریاستی صدر دیو راج ٹھاکور نے کیا۔ کانفرنس میں مقررین نے موجودہ تعلیمی نظام اور اساتذہ برادری کے سروسز حالات پر مباحثہ کیا اور متعدد قرار دادیں لاگو کیں،جنکا مقصدشفاف ٹرانسفر پالیسی ،ایس ایس اے /رمسا کے تحت کام کرک رہے اساتذہ کے تنخواہوں میںمعقولیت ، تنخواہوں میں تفاوت کو دور کرنا وغیرہ شامل تھا۔اے جے کے ایل ٹی ایف کشتواڑ کے ضلع کنوینئر ستیہ بھوشن شرما نے خطبہ استقبالیہ پڑھ کر سنایا اور مہمان خصوصی، معزز ین ،اساتذہ و دانشوروں کا خیر مقدم کیا۔ریاستی صدر دیو راج ٹھاکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانفرنس کا مقصد مفکروں، اساتذہ اور دانشوروں کا ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا تھا تاکہ تعلیمی پالیسی میں در پیش مختلف چلینجوںپر غور کیا جائے اور ریاست میں معیاری تعلیمی نظام کے لئے وسائل کو اُجا گر کیا جائے۔کانفرنس میں شفاف اور مناسب ٹرانسفر پالیسی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا ،تاکہ اساتذہ برادری میں انتشار کو دور کیا جا سکے۔انہوں نے محکمہ میں خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کامطالبہ کیا، تاکہ محکمہ کا معیار بلند ہو سکے۔انہوں نے محکمہ کو از سر نو تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ریاستی جنرل سیکرٹری رتن شرما نے اساتذہ کو ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دینے کو کہا ،تاکہ ریاست میں معیاری تعلیم فراہم ہو۔کانفرنس سے ضلع کنوینئرستیہ بھوشن ، ضلع صدرنیرج پریہار، جنرل سیکرٹری رمیش شرما وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔