کشتواڑضلع بھر میں تھانہ دیوس کا انعقاد

عاصف بٹ
کشتواڑ//ڈی جی دلباغ سنگھ کی ہدایت پر ضلع کشتواڑ میں تھانہ دیوس کا انعقاد پولیس سٹیشن کشتواڑ، اٹھولی،چھاترو اور دچھن میں کیا گیا۔تھانہ دیوس پروگرام کی صدارت ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے پولیس سٹیشن کشتواڑ میں کی جبکہ ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ راجندر سنگھ نے ایس ایچ اوپولیس سٹیشن اٹھولی اور دیگرافسران نے اپنے اپنے پولیس تھانوں میں نگران افسران کی نگرانی میں کیا۔ میٹنگوں میں سرپنچوں، سول سوسائٹیوں کے ممبران، دکاندار انجمنوں اور متعلقہ علاقوں کے معززین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے متعدد مسائل کو موقع پر ہی حل کیا گیا۔ افسران نے عوام کی شکایات سنیں اور یقین دلایا کہ پولیس سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا اور فیڈ بیک رپورٹس کے ساتھ جلد از جلد ازالے کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ معاملات اٹھائے جائیں گے۔ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت بٹ نے شرکاء سے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر کی نشاندہی میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی درخواست کی۔ شرکاء کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے تجارتی اداروں دکانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں جس سے سماج دشمن اور مجرمانہ کارروائیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔