بھدرواہ //بھدرواہ میں کانگریس نے کرناٹک میں بی جے پی کی شکست اور کانگریس ۔جے ڈی ایس کی مخلوط سرکار تشکیل دینے کو غلام نبی آزاد کی انتھک کاوشوں کا ثمر بیان کیا ہے اور اس فتح کو بھدرواہ میں نہایت ہی جوش و خروش سے منایا گیا ۔ سٹی صدر سہیل ملک کی قیادت میں درجنوں کانگریسی کارکنان بھدرواہ میں جمع ہوگئے اور اس فتح کو شادمانی کے ساتھ منایا ۔اس موقعہ پر سہیل ملک نے کہا کہ ہمیں اپنے قائد آزاد پر فخر ہے جنھوں نے نہ صرف ا پنے ممبران کو اکٹھا رکھا بلکہ جمہوریت کو بچانے میں بھی ایک اہم رول ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ عوامی منڈیٹ ، آئین ہند کے تصورات کی فتح ہے۔انہوںنے کرناٹک کی کانگریس اور جنتا دل سکیولر کو کرناٹک میں سرکار تشکیل دینے پر مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے عوام نے بی جے پی کو دکھایا ہے کہ جمہوریت بکائو نہیں ہے۔اس موقعہ پر موجود لوگوں میں شبیر احمد شیخ، اصغر علی خان ، جان محمد، امجد وانی، سید محمد رمضان ، امجد علی،تنویر احمد دیو،وجہت قادری ،نذیر احمد پڈر و دیگران شامل تھے۔