’کاکو گالا ‘گائوں کے بکروال خاندان بنیادی سہولیات سے محروم خدنہ بدوش قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ،حکام پر لاپرواہی کا الزام

راجوری//راجوری ضلع کے موگلہ بلاک کے ترو اپر علاقے کے ’کاکو گالا‘ گاؤں میں رہائش پذیر بہت سے بکروال خاندان بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ ضروری دستاویزات کے بغیر زندگی گزار رہے ہیں اور انہوں نے حکومت سے ان کی شکایات کے ازالے کے لئے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ان خانہ بدوش خاندانوں کے افراد نے مطالبہ کیا کہ دور دراز کے علاقے میں موسمی موبائل اسکول کھولا جائے۔بکروال طبقہ کے لوگوں نے کہاکہ کاکو گالہ علاقے کا ایک دور دراز علاقہ ہے اور ان کے بہت سے خاندان گھنے جنگلات سے ملحقہ رہائش پذیر ہیںجس کی وجہ سے مذکورہ علاقہ میں بنیادی سہولیات ہی دستیا ب نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ’’ہمارا پہلا مطالبہ گاؤں میں موبائل سیزنل اسکول کھولنے کا ہے تاکہ ہمارے بچوں کو پڑھائی کا اچھا ماحول میسرہو سکے ۔انہوں نے بتایا کہ ان کیلئے صحت کی کوئی سہولت نہیں ہے جبکہ محکمہ پشو پالن کی جانب سے بھی ان کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ سال میں دو بار نقل مکانی کرتے ہیں لیکن ان کے قیام کی جگہ پر کوئی بھی بنیادی سہولیت دستیاب نہیں رکھی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کی دقتوں میں مزید اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔زندگی کی بنیادی دستاویزات کی عدم دستیابی کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے بکروالوں بشمول محمد زمان اور دیگر نے کہا کہ ان کے بہت سے خاندان جنگل کی زمین پر آباد ہیں اور ان کے قبضے کے قانونی حقوق ہیں لیکن ان کے پاس ضروری دستاویزات نہیں ہیں جس کی وجہ سے بہت سے خاندان ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے لئے درخواستوں پر کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ مذکورہ علاقہ میں 75 سال سے رہ رہے ہیں لیکن پھر بھی بنیادی سہولیات اور یہاں تک کہ دستاویزات کی عدم موجودگی میں رہ رہے ہیں جو کہ ایک بڑی مشکل ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو بنیادی ضروریا ت زندگی فراہم کرنے کیساتھ ساتھ دیگر مسائل کر کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔