کانگریس صدر کے عہدہ کے انتخاب میں کھڑگے اور تھرور آمنے سامنے

نئی دہلی//یو این آئی//کانگریس صدر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ کے آخری دن آج دو امیدواروں ملکارجن کھڑگے اور ششی تھرور کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ہیں اور اب انتخاب میں یہ دونوں امیدواررہ گئے ہیں۔ہفتہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کانگریس الیکشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج مدھوسودن مستری نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ کا کام مکمل ہو گیا ہے ۔ تحقیقات کے دوران جھارکھنڈ کے کے این ترپاٹھی کا فارم تجویز کنندگان کے دستخط نہ ملنے اور دیگر وجوہات کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر کے انتخاب کے لیے محکمہ انتخاب کو کل 20 فارم موصول ہوئے ہیں، جن میں سے چار فارم دستخطوں کے میچ نہ ہونے اور دستخطوں کی تکرار جیسی دیگر وجوہات کی وجہ سے مسترد کر دیے گئے ہیں۔مسٹر مستری نے بتایا کہ اب صرف دو امیدوار مسٹر کھڑگے اور مسٹر تھرور میدان میں رہ گئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی 8 اکتوبر تک واپس لیے جاسکتے ہیں اور واپس نہ لینے کی صورت میں 17 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی۔ادھر کانگریس نے سینئر لیڈر برج لال کھابری کو ریاستی کانگریس کا نیا صدر مقرر کرتے ہوئے اپنی اترپردیش یونٹ میں اہم تبدیلیاں کی ہیں اور ان کے تعاون کے لیے چھ ورکنگ صدور بھی بنائے ہیں۔