کانسپورہ بارہمولہ کاناقص نکاسی آب نظام | مقامی لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا

فیاض بخاری

بارہمولہ //کانسپورہ بارہمولہ میں ناکارہ نکاسی آب کے نظام پر لوگوں نے سخت نارضگی کا اظہار کیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ہفتہ کو ضلع انتظامیہ اور بیکن حکام پر الزام عاکیا کہ علاقے میں نکاسی آب کی ناکامی اور ڈرین بند ہونے کی وجہ سے کانسپورہ میں شاہراہ پر پانی جمع ہو گیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کانسپورہ سے کرالہار شاہراہ تک عارضی ڈرین مکمل طور بند ہونے کی وجہ سے علاقہ زیر آب آ گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ لوگوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کو اس سلسلے میں مطلع کیا تھا تاہم ان کی پریشانی سننے کو کوئی تیار نہیں ہے اور گزشتہ دو دنوں سے ہونے والی بارش کی وجہ سے شاہراہ کانسپورہ میں زیر آب ہے، جبکہ سڑک زیر آب آنے کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو چلنے پھرنے میں کافی دقتوں کو سامنا ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ بیکن حکام نے کانسپورہ سے کرالہار تک ایک ڈرین پہلے ہی تعمیر کی تھی لیکن بدقسمتی سے وہ بند ہوئی ہے ۔ توحید کالونی کانسپورہ کے لوگوں کے مطابق مذکورہ ڈرین بند ہونے سے مقامی لوگوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لوگ نماز کے لیے گھر سے باہر نہیں نکل پا رہے اور طالب علم ٹیوشن سنٹر بھی نہیں جا پا رہے ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور بیکن حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کو مزید تاخیر کے بغیر حل کریں اور بند نالی کودرست کیاجائے تاکہ علاقہ کے لوگوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔