کالاکوٹ میں بجلی کی لائن لگانے کے دوران حادثہ رونما کھمبے بجلی کی ہائی ٹینشن لائن سے ٹکرا گئے ،4مزدورشدید زخمی

سمت بھارگو

راجوری//راجوری ضلع کے کالاکوٹ سب ڈویژن میں بجلی کے کھمبے لگانے کے کام میں مصروف چار مزدور بجلی کاشدید جھٹکا لگنے سے زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں سے 2شدید زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔حکام کے مطابق پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کالاکوٹ کے علاقے میں بجلی کے کھمبے لگانے کے لئے کچھ مزدوروں کولگایا ہوا تھا تاہم سپلائی لائن کے کھمبوں کو کھڑا کرنے کے دوران مذکورہ کھمبے قریب سے گزرنے والی بجلی کی ہائی ٹینشن تار کو چھو گیا اور کھمبے کو پکڑے ہوئے مزدوروں کو بجلی کا زوردار جھٹکا لگا۔انہوں نے بتایا کہ ان سبھی کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کالاکوٹ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی لیکن زخمی مزدوروں میں سے دو کو جھلسنے کے متعدد زخم آئے ہیں جس کی وجہ سے ان کو گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا ہے جبکہ مزید 2زخمیوں کو ابتدائی مرحم پٹی کے بعد گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا ہے ۔جی ایم سی جموں ریفرکئے گئے دو زخمی مزدوروں کی شناخت کلوندر سنگھ ولد پنجاب سنگھ اور یوگیش شرما ولد مدن لال کے طور پر ہوئی ہے۔اسی طرح دیگر دو زخمی جو اس وقت جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری میں زیر علاج ہیں،میں محمد ارشد ولد محمد لطیف اور محمد راشد ولد وزیر محمد شامل ہیں ۔دوسری جانب پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کرنے کا کہا ہے۔