سرینگر//پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کشمیر چپٹر کے وفد نے چیمبر کے روح رواں مشتاق احمد چایا اور چیئرمین بلدیو سنگھ رینہ کی سربراہی میں جموں کشمیر بنک کے اعلیٰ حکام سے کاروبار اور صنعتوں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں پی ایچ ڈی چیمبر کے شریک چیئرمین شوکت چوہدری ، محمد شفیع ٹریبو اور بلال احمد کاوسہ نے بھی شامل تھے جبکہ بنک کے ایگزیکٹو صدر ارون گنڈوترا،صدر چیتن پل جور اور نائب صدر منظور الحسین موجود تھے۔ میٹنگ میں پی ایچ ڈی چیمبر نے کہا کہ حال ہی میں ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کے لئے شروع کی گئی کاروباری معاونت قرضہ اسکیم 2019-20میں ترمیم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ سیاحت کے شعبے سے وابستہ بیشترفریقین اس اسکیم کی شرائط و ضوابط کے مطابق اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل نہیں ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمزور یونٹوںں کی بحالی اور بازآبادکاری کے لئے نرم قرض خصوصی طور پر جموں کشمیربینک کے اختیار میں رکھنا چاہئے اس کی بجائے جموں و کشمیر کے بینک کے پاس 70 فیصد اور جموں و کشمیر سیڈکو کے پاس 30فیصد رکھا گیا ہے،تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ جموں کشمیر بنک کی صنعتی بحالی و بازآبادکاری اسکیم 2010کو نافذ العمل بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قالین اور دستکاری وہینڈلوم شعبہ جات کے استحکام کیلئے جموں کشمیر بنک کے سرکیولر کو2009کو جاری کیا گیا تھا،کے تمام حصوں کو نافذ کیا جائے،جبکہ یہ معاملہ حال ہی میں انہوں نے فائنانشل کمشنر خزانہ اور کمشنر سیکریٹری صنعت و حرفت کے ساتھ بھی اٹھایا۔ پی ایچ ڈی چیمبر کے وفد نے میٹنگ کے دوران کہا کہ جموں کشمیر بنک یکبار تصفیہ اسکیم کو لاگو کریں۔ چیمبر نے کہا کہ میٹنگ میں جموں کشمیر بنک کے حکام نے تمام معاملات کو صبر و تحمل سے سنا،جبکہ اس بات کا فیصلہ لیا کہ ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کے لئے کاروباری معاونت قرضہ اسکیم2019-20 میں ترمیم کی جائے گی تاکہ جموں و کشمیر بینک کے ذریعہ اعلان کردہ اسکیم سے بڑی تعداد میں فریقین مستفید ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ کمزور یونٹوں کی بحالی اور باز آبادکاری اسکیم کے لئے جموں کشمیر بینک نے تجارتی بحالی کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق مدد فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے اور کاروائی شدہ رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں ان سے متعلقین رجوع کریں گے تو معاونت فراہم کی جائے گی۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ چھوٹے اور درمیانہ درجے کے کاروباری برانچ کو بھی زکورہ کے سلک و ہینڈی کرافٹس پارک سرینگر میں ایک کلسٹر ماڈل مالی قرضے اسکیم کے ساتھ کھولا جائے گا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ قالین ، دستکاری اور ہینڈلوم سیکٹر کی بحالی کے لئے جے اینڈ کے بینک فنانشل اسکیم کو قالین کے متعلقین کے مفادات کے لئے دوبارہ پیش کیا جائے گا اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ میٹنگ میںیہ بھی بتایا گیا کہ جموں کشمیر بینک نے قرض دہندگان کے لئے یک وقتی تصفیے کی اسکیم متعارف کرائی ہے،جبکہ قرض دہندگان سے گزارش کی گئی کہ کہ وہ اپنے کھاتوں کو پریشانی سے آزادانہ انداز میں چلانے کے لئے متعلقہ برانچ کے سربراہان سے رجوع کریں۔