سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلِن پربھات نے منگل کے روز سرحدی ضلع پونچھ میں بابا بڈھا امرناتھ یاترا 2025 کے سلسلے میں سیکورٹی انتظامات کا اعلیٰ سطحی مشترکہ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اپنے دو روزہ دورے کے دوسرے دن، ڈی جی پی نلِن پربھات نے ضلع پولیس دفتر پونچھ میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں پولیس، فوج، نیم فوجی دستوں اور خفیہ ایجنسیوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اسپیشل ڈی جی پی جاوید گیلانی، آئی جی پی جموں زون بھیم سین تْتی، آئی جی سی آر پی ایف گوپال کے راؤ سمیت دیگر اعلیٰ افسران شامل تھے۔ اجلاس میں 27 جولائی سے شروع ہونے والی یاترا کے پرامن انعقاد اور فول پروف سیکورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ افسران نے یاترا کے مختلف مراحل، بیس کیمپ، مرکزی مندر اور یاترا روٹ پر کئے گئے سیکورٹی انتظامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ ہر ہاف پوائنٹ اور اہم مقامات پر مناسب سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ جموں-پونچھ نیشنل ہائی وے 144A جو اکھنور، سندر بنی، راجوری، بھمبر گلی سے ہو کر گزرتی ہے، یاترا قافلوں کی نقل و حرکت کے لئے مخصوص راستہ ہوگا، اور کسی بھی قسم کی سائیڈ وے گاڑیوں کو اجازت نہیں ہوگی۔یاترا کے لئے مقررہ کٹ آف ٹائم بھی طے کیا گیا جس کے مطابق جموں-راجوری کی طرف سے پونچھ جانے والی یاترا گاڑیوں کے لئے بھمبر گلی سے روانگی کا آخری وقت دوپہر 3 بجے ہوگا، اور پونچھ سے واپسی کے لئے بھی یہی وقت مقرر رہے گا۔ڈی جی پی نلِن پربھات نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کے دوران کسی بھی قسم کے خطرے کو روکنے کے لئے جامع سیکورٹی انتظامات یقینی بنائیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی رکھیں تاکہ یاترا پرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو۔