’ڈی آئی ایل‘ لیبارٹری میں ویکسین کا اِفتتاح جموںوکشمیر کو گوشت کی پیداوار میں خود اَنحصار بنایا جائے گا : اتل ڈولو

نیوز ڈیسک

سرینگر //ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے یہاں ڈیزیز انویسٹی گیشن لیبارٹری ( ڈی آئی ایل)نوشہرہ میں بھیڑوں کی بیماریوں اور ایمبر یو ٹرانسفر ٹیکنالوجی کیلئے ویکسین کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کشمیر ، ڈائریکٹر ریسرچ سکاسٹ کشمیر ، سابق ڈائریکٹر ایجوکیشن سکاسٹ کشمیر،شعبہ جات کے سربراہان ، فیکلٹی ممبران ، سینئر سائنسدان اور دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔اَتل ڈولو نے فوڈ روٹ ویکسین ، شیپ پوکس ویکسین کی مقامی پیداوار اور چھوٹے بھیڑوں میں ایمبر یو ٹرانسفر ٹیکنالوجی متعارف کرنے کا اِفتتاح کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ویکسینوں اور ایمبر یوٹرانسفر ٹیکنالوجی کے اجرأ کو بھیڑ پالن شعبے کے لئے قابل فخر لمحہ قرار دیا اور فیکلٹی، ڈیپارٹمنٹ کے سائنسدانوں اور سکاسٹ کشمیر کو مبارک باد پیش کی جس کی وجہ سے ہم ان ویکسینوں کے سکاسٹ کشمیر میں کامیاب ہونے میں کامیاب ہوئے اورایمبر یوٹرانسفر ٹیکنالوجی میں تکنیکی معلومات فراہم کرنے میں مدد کی۔

 

اُنہوں نے کہاکہ یہ ویکسین شیپ فارمروں کو ان کے مویشیوں کو ہونے والے معاشی نقصانات کو کم کرنے میں کافی حد تک مدد کریں گی۔اَتل ڈولو نے کہا کہ جموںوکشمیر تقریباً 60فیصد گوشت باہر سے درآمد کر رہا ہے اور اس کے لئے گنجائش ، موقع اور چیلنج بھی ہے جس کے لئے ہمیں کچھ حکمت عملی مرتب کرنی ہوگی جس سے بھیڑ پالنے والوں کو مدد ملے گی۔اُنہوں نے کہا،’’ ہمیں ایک حکمت عملی تیار کرنی ہے اور ہم اس پر کام کر رہے ہیں ۔ ہم سرگرمی سے کام کر رہے ہیں کہ کس طرح اَگلے پانچ برسوں میں گوشت کے درآمد باہر سے کم کیا جائے اور جموںوکشمیر کو گوشت کی پیداوار میں خود اَنحصار بنایا جائے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ ایمبر یوٹر انسفر ٹیکنالوجی گیم چینجر ثابت ہوگی کیوں کہ بھیڑوں کی تعداد میں اِضافہ ہوگا اور معیاری گوشت بھی آج کے مقابلے میں بہتر ہوگا۔اِس کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی نے ڈی آئی ایل کی متعدد لیبارٹریوں کا بھی معائینہ کیا جن میں بیکٹیریا ولوجی لیب ، وائر ل ڈائیگنوسٹک لیب ، سیل کلچر لیب ، فٹ روٹ اور شیپ پوکس لیبارٹریاں شامل ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ان لیبارٹریوں کے سائنسدانوں او رفیکلٹی سے بھی اِستفسار کیااور ان کے متعلقہ شعبوں میں ان کی تحقیق کے بارے میںمعلومات حاصل کیں۔