پونچھ// پونچھ کے نوجوانوں اور طلباء کی جانب سے ڈینگلہ میں زیر تعمیر یونیورسٹی کیمپس کے بالکل سامنے پونچھ جموں سڑک پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت بھی رک گئی ۔مظاہرین نے حکومت کے خلا ف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کیمپس کا تعمیری کام فوری طور پر شروع کرکے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے اور یہ عمارت ڈینگلہ میں ہی تعمیر کی جائے ۔احتجاجی مظاہرہ تین گھنٹے تک جاری رہا جس دوران سینکڑوں مسافروں اور سرکاری ملازمین کو مشکلات کاسامناکرناپڑا۔ اس احتجاجی مظاہرے کی خبر ملتے ہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی، تحصیلدار حویلی جہانگیر احمد، ایس ایچ او پونچھ موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تمام مطالبات پورے کرائیںگے۔جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت کر رہے نوجوان ذیشان نے کہا کہ وہ کسی کو بھی اپنے جذبات کے ساتھ کھیلنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے نوجوانوں کوسنگ بازی کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کے نوجوان اپنے حق کے لئے کسی بھی سطح تک جا سکتے ہیں ۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ضلع انتظامیہ نے ان کے مطالبہ کو مسترد کرنے کی کوشش کی تو وہ سول سوسائٹی پونچھ اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور وہ احتجاج مظاہرہ تب تک جاری رکھیں گے جب تک ان کے مطالبا ت پورے نہیں ہوجاتے۔