ڈیموکریٹک آزاد پارٹی نے بانہال میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا

محمد تسکین
بانہال// مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل حلقہ انتخاب بانہال – گول آئندہ ہونے والے ممکنہ اسمبلی انتخابات میں سب سے زیادہ ہاٹ سیٹ رہنے کی توقع ہے اور یہاں سیاسی سرگرمیوں اور بیانات کے جائزوں کے بعد سرسری اندازے سے کہا جاسکتا ہے کہ حد بندی کے بعد ایک کی گئی بانہال گول اسمبلی نشست سے الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی تعداد دو درجن کے اس پاس رہے گی اور یہ وادی چناب کے تمام حلقوں میں یہ سیٹ ہاٹ رہے گی اور مقابلہ خوب دلچسپ رہنے کی امید ہے۔ بانہال – گول نشست پر سیاسی سرگرمیاں پچھلے کئی مہینوں سے جاری ہیں اور کانگریس میں توڑ پھوڑ اور غلام نبی ازاد کی نئی پارٹی اور وقار رسول کی کانگریس صدارت نے مسلم اکثریت وامی اس سیٹ کو مزید اہم کر دیا ہے۔ بانہال سے تعلق رکھنے والے سابقہ ممبر اسمبلی ،سابقہ وزیر اور موجودہ کانگریس چیف برائے جموں و کشمیر وقار رسول کو بظاہر سیاسی ٹکر دینے کیلئے گانگریس کو خیر باد کہہ کر غلام نبی ازاد کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے لیڈروں اور ورکروں نے لنگر لنگوٹ کس لئے ہیں اور انہوں نے ہفتے کے روز بانہال ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کی شروعات کرکے میونسپل پارک میں غلام نبی آزاد کی نئی پارٹی کے قیام پر ایک جشن کا انعقاد کیا۔ وہ ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے بانی و چیئرمین غلام نبی ازاد کو دعوت دیکر انہیں بانہال کا دودہ کرنے کے متمنی ہیں۔ اس جشن کی قیادت سابقہ میونسپلٹی صدر فاروق احمد وانی کر رہے تھے۔ فاروق احمد وانی گانگریس ممبران پر مشتمل سات رکنی میونسپل کونسل بانہال کے سابقہ صدر ہیں اور پچھلے سال سے ممبران کی طرف سے عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کر رہے تھے اور عدم اعتماد کی تحریک میں اکثریت ثابت نہ کرنے کے بعد ہوئے الیکشن میں وہ ہار گئے تھے۔ انہوں نے اپنی ہار کیلئے کانگریس کے مقامی لیڈروں کو مورد الزام ٹہرا کر اس الیکشن میں ممبران کو خریدنے کے الزام عائد کئے تھے اور اس پر انہوں نے کانگریس کی رکنیت اور ذمہ داریوں سے استعفیٰ دیا تھا۔ہفتے کے روز بانہال میں ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کارکنان نے غلام نبی آزاد کی جانب سے ایک نئی سیاسی پارٹی کا قیام عمل میں لانے پر جشن منایا جس میں بانہال کے کئی علاقوں سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ مقامی نوجوان موجود رہے۔اس موقع پر سابق چیرمین میونسپل کمیٹی بانہال فاروق احمد وانی کے علاوہ جاوید احمد نائیک ، مشتاق احمد وانی ، سابقہ عآپ لیڈر ماسٹر شبیر احمد میر، اصغر رسول اور پارٹی میں شامل ہونے والے کئی نوجوان و بزرگ موجود رہے۔ اس موقع پر فاروق احمد وانی اور ان کی ٹیم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ چھوٹا سا پروگرام جلسے میں تبدیل ہوگیا کیونکہ غلام نبی آزاد بانہال کے لوگوں کے دلوں میں بسا ہے اور ہر دلعزیز لیڈر غلام نبی آزاد کیلئے والہانہ محبت ہے اور اس لئے لوگ اس جشن میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں غلام نبی آزاد کی موجودگی میں بہت بڑا عوامی جلسہ بھی منعقد ہوگا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل ہونگے۔