راجوری //درہال کے تمام اسکولوں کے طلباء نے جمعرات کواحتجاجی ریلی نکالی اور حکومت سے ڈگری کالج کے قیام کی مانگ کی ۔ طلباء نے ریاستی سرکار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مستقبل کو تباہی سے بچاتے ہوئے درہال میں فوری طور پر کالج کے قیام کو منظوری دی جائے جو یہاں کے لوگوں کی دیرینہ مانگ ہے ۔ان کاکہناتھاکہ ایک طرف پورے ملک میں بیٹی پڑھاؤبیٹی بچاؤ کا نعرہ دیا جارہا ہے اور دوسری طرف درہال کی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر سہولیات تک میسر نہیں ۔ طلباء نے ریاستی سر کار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے جموں صوبہ کے کئی اضلاع میں ڈگری کالجوں کے قیام کو منظوری دی ہے تو درہال تحصیل کو کس بنیاد پر نظرانداز کیاگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں طلباء درہال کے ڈگری کالج جیسی سہولت سے محروم ہیں جنہیں اعلیٰ تعلیم کے لئے دیگر مقامات جاناپڑتاہے اور غریب طلباء کو ترک تعلیم پر مجبور ہوناپڑتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں طالبات ڈگری کالج جیسی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم ہورہی ہیں کیونکہ ان کورہائش کیلئے کوئی مناسب انتظام نہیں ملتا۔یہ احتجاجی ریلی درہال قصبہ سے گھوم کر اختتام پذیر ہوئی جس دوران دھرنا بھی دیاگیا ۔