پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے پونچھ شہر کا تفصیلی دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔اس دوران انہوںنے بس اڈہ ، سٹی فارسٹ کمپلیکس ، بارڈر بلاک لائبریری اور میڈیا کمپلیکس کا جائزہ لیا ۔اس دوران ان کے ہمراہ ایگزیکٹو انجینئر تعمیرات عامہ ستیش بھگت ، تحصیلدار جہانگیر خان ، ای او میونسپلٹی اور دیگر افسران بھی تھے ۔بس اڈہ پر ڈپٹی کمشنر نے مسافر شیڈ ، بیت الخلاءسہولیات ، سٹریٹ لائٹوں، گندگی ٹھکانے لگانے والے میکانزم وغیرہ کا جائزہ لیا اورمتعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ بس اڈہ پر سینٹری کمپلیکس کی تعمیر کیلئے ایک جامع پروجیکٹ رپورٹ تیار کریں ۔انہوںنے مزید کہاکہ مسافر شیڈ کی تعمیرنو ، مسافروںکیلئے پینے کے پانی کی سہولت کی دستیابی ، آرام کرنے والے بنچوں اور بجلی کا انتظام کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں ۔انہوںنے بس اڈہ پر صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنانے کی تلقین کی ۔ڈپٹی کمشنر نے بارڈر بلاک لائبریری کا جائزہ لینے کے دوران محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت دی کہ وہ اس لائبریری میں بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کیلئے ڈی پی آر تیار کریں ۔انہوںنے لائبریری انتظامیہ سے کہاکہ وہ لائبریری میں قومی سطح کے مسابقتی امتحانات کیلئے کتابیں اور دیگر مواد مہیا رکھیں تاکہ اس سرحدی ضلع کے طلباءپڑھائی کرسکیں ۔دریں اثناءڈپٹی کمشنر نے میڈیاکمپلیکس کادورہ کرکے ضروری بنیادی ڈھانچے کی فراہمی پر زور دیا ۔ اس وقت اس کمپلیکس میں محکمہ انفارمیشن اور ضلع ٹریجری کے دو دفاتر ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت دی کہ وہ ان امکانات کا جائزہ لیں کہ کیا اس عمارت پر ایک اور منزل کھڑی کی جاسکتی ہے یا نہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع انفارمیشن افسر کے ساتھ پونچھ میں پریس کلب قائم کرنے پربھی تبادلہ خیال کیا۔ انہیں بتایاگیاکہ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ نے کارروائی شروع کردی ہے ۔بعد ازآں ڈی سی نے سٹی فارسٹ کمپلیکس کا دورہ بھی کیا اور افسران کو اسے دیدہ زیب بنانے کی تلقین کی ۔دریں اثناءموصوف نے شہید منجیت سنگھ والی بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا جس میں ضلع بھر سے کئی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔