سرینگر // ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے 26جنوری 2021کو منعقد ہونے والے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہاکہ وادی میں مرکزی تقریب سرینگر کے’ایس کے اسٹیڈیم سونہ وار ‘میںمنعقد ہوگی جہاں مہمان خصوصی قومی پرچم لہرا ئیں گے ۔انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ تمام اضلاع میں تقریبات کے انعقاد کو آسانی سے انجام دینے کیلئے تمام انتظامات پہلے سے ترتیب دیئے جائیں۔انہوں نے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ وہ پینٹنگ اور دیگر پروگراموں جیسے مختلف آن لائن مقابلوں میں طلاب کی شرکت کو یقینی بنائیں۔جوائنٹ ڈائریکٹر ’وائی ایس ایس‘ محکمہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ تقریب کے دوران قوت مدافعت برقرار رکھنے کیلئے یوگا کی تربیت کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہاکہ منعقد ہونے والی تقریب میں مدعو افراد کی گاڑیوں کیلئے پارکنگ کی سہولت سمیت کھانے پینے کے مناسب انتظامات کویقینی بنایا جائے ۔صوبائی کمشنر کشمیر نے یوم جمہوریہ تقریبات کو بہتر ڈھنگ سے یقینی بنانے کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کرنے پر زور دیاجبکہ کورونا وائرس کی وبا کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی کہ وہ تقریب کی ریہرسل سرگرمیوں کے آغاز سے قبل ہی شرکاء کی جانچ اور چیکنگ کیلئے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی ایک ٹیم کو تعینات کریں۔ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کیلئے پی کے پولے نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ برف باری سے پیدا ہونے والے چیلنج کی صورت میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پہلے سے ہی موثرانتظامات کریں۔اسی طرح متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئی کہ وہ تقریبات کے دوران تمام اہم مقامات پر ثقافتی پرفارمنس کا اہتمام کریں۔تقریب میں سیکورٹی کے انتظامات ، سجاوٹ ، بجلی و پانی کی فراہمی ،صفائی ستھرائی، طبی سہولیات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں ڈی آئی جی بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، ڈائریکٹر صحت ، ایچ اینڈ پی ، فلوریکلچر ، آر ٹی او کشمیر ، مختلف انجینئرنگ ونگز کے چیف انجینئرس ،جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔