اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے پہاڑوں پر تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے. اطلاعات کے مطابق بدھ کو موسم ابر آلود رہنے کے بعد دوپہر کو ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ ،ٹھاٹھری ،بھدرواہ ،عسر کے پہاڑوں پر تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ سمیت متعدد سڑکیں زیر آب ہوئیں ہیں. اس دوران بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ سابق بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ ماہ میں ہوئی بارشوں و تیز ہواؤں سے بھلیسہ میں سینکڑوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور کئی رہائشی مکان غیر محفوظ بن گئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے متاثرہ کنبوں کی بھرپور مالی امداد کرنے و زرعی شعبے کو پہنچے نقصان پر کسانوں زمینداروں معاوضہ ادا کرنے کی مانگ کی ہے۔