اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بلاک جکیاس میں تیسرے روز بھی لوگوں نے منریگا و دیگر اسکیموں میں مبینہ دھاندلیوں کے الزام میں محکمہ دیہی ترقی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران مظاہرین نے محکمہ مخالف نعرہ بازی کرتے ہوئے مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک کے ہمراہ جکیاس، بھٹیاس ،گونڈو ،چنیاس ،چالر ،بدھلی ،تلوگڑہ تیندلہ و دیگر ملحقہ علاقوں سے آئے لوگوں نے مسلسل تیسرے روز بی ڈی او دفتر جکیاس کے باہر احتجاج کیا۔ اس دوران انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ کے ملازمین نے منریگا، پی ایم آواس یوجنا و دیگر اسکیموں میں مالی بے ضابطگیاں کرکے مستحق و غریب لوگوں کو محروم رکھا۔ احتجاجی مظاہرہ میں شامل مرد و زن نے کہا کہ حکام کی عدم توجہی و بی ڈی او جکیاس کی بے رخی سے گرام روزگار سیوک ورکرس و دیگر ملازمین نے میٹریل و دیگر اسکیموں میں مبینہ دھاندلیاں کیں ہیں اور جن لوگوں نے کام کئے ہیں انہیں اجرتوں سے محروم رکھا گیا ہے۔ ڈی ڈی سی کونسلر معراج الدین ملک نے معاملہ کی غیرجانبدار طریقے سے تحقیقات کی مانگ کرتے ہوئے قصور وار ملازمین کو نوکری سے برطرف کرنے کی مانگ کی۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کی ہدایت پر اے ڈی ڈی سی اے سی ڈی، ایس ڈی ایم گندوہ و دیگر انتظامیہ کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور لوگوں کو یقین دلایا کہ معاملہ کی جانچ پڑتال کرکے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی. واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے اس معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے دو گرام روزگار سیوک ورکرس کو معطل کر کے اے سی ڈی ڈوڈہ کو تحقیقاتی آفسر مقرر کر کے دو دن میں رپورٹ طلب کی ہے۔