ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں برفباری | میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں منگل کو مسلسل تیسرے روز بھی برفباری و بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق منگل کو دوپہر تک موسم صاف رہنے کے بعد بعد دوپہر میدانی علاقوں میں دوبارہ تیز بارش و پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی۔ متواتر بارشوں و برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں و گلی کوچے زیر آب ہوئے وہیں ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا جبکہ بیشتر دیہات میں بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا۔ اس دوران ڈوڈہ ضلع کے مختلف علاقوں سے مقامی لوگوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی کمی کے باعث انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سیاسی و سماجی کارکن ریاض احمد زرگر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ متواتر بارشوں کی وجہ سے دور افتادہ علاقوں میں پانی، بجلی و سڑک نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں ضلع و مقامی انتظامیہ سے ترجیح بنیادوں پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔