ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری | درجہ حرارت میں نمایاں کمی، پانی و بجلی سپلائی متاثر

اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی سہ پہر ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بارش و پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو ہفتے کے روز وقفے وقفے سے جاری رہیں۔ متواتر بارشوں سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور کئی دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔ گندوہ، بھلیسہ ،ٹھاٹھری ،بھدرواہ و دیگر مضافات سے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ موسم صاف ہو یا ابر آلود بجلی کا کوئی شیڈول نہیں ہے۔ یاسر حسین خان نامی ایک مقامی شہری نے کہا کہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوئی ہے اور انتظامیہ و متعلقہ محکمہ بہتر بجلی نظام بنانے کے لئے کوئی موثر اقدامات نہیں کررہے ہیں۔