ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں شدید بارش زرعی شعبے کو پہنچا بھاری نقصان، پانی، بجلی و سڑک نظام بھی متاثر

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں منگل کی شدید بارش شروع ہوئی جو دوپہر تک جاری رہی۔اس دوران ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت ضلع کی مختلف رابطہ سڑکوں پر پتھر گر آئے جبکہ ندی نالوں میں پانی کی سطح پر اضافہ ہوا اور بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی شب ایک بار پھر سے ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویڑن گندوہ ،ٹھاٹھری ،بھدرواہ کے مضافات میں شدید بارش شروع ہوئی جو دوپہر تک جاری رہی۔ مسلسل بارشوں سے جہاں فصلوں، پھلوں و زرعی شعبے کو بھاری پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جبکہ زمین نرم ہونے سے رابطہ سڑکوں پر پتھر گرنے کا عمل بھی وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم اس دوران ٹریفک معمول کے مطابق بحال رہا.بی ڈی سی چیئرمین چلی مخو بیگم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تیز بارشوں سے پانی، بجلی نظام متاثر ہوا ہے جبکہ فصلوں و دیگر زرعی شعبے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے متعدد مقامات پر عارضی پل بہہ گئے جس کی وجہ سے بالائی علاقوں میں چھوٹے بچے سکول نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے حکام سے ترجیح بنیادوں پر پانی، بجلی و سڑک نظام کی بحالی کے ساتھ ساتھ عوام کو راحت پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔