ڈوڈہ ضلع میں صفائی کرمچاریوں کی ہڑتال 16ویں روز بھی جاری قصبوں میں گندگی کے ڈھیر، سیول سوسائٹی کی جائز مانگیں پورا کرنے کی مانگ

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں پچھلے دو ہفتوں سے صفائی کرمچاریوں کی کام چھوڑ ہڑتال جاری ہے جس کے نتیجے میں قصبہ ڈوڈہ، بھدرواہ و ٹھاٹھری میں گندگی کے ڈھیر جمع ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں و عام راہگیروں کو چلنے میں کافی دقتوں کافی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی عدم توجہی و متعلقہ حکام کی بے رخی کو لے کر محکمہ بلدیہ میں کام کر رہے صفائی کرمچاریوں کی احتجاج سولہویں روز بھی جاری رہی جس دوران انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے ایل جی انتظامیہ سے ان کے جائز مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی مانگ کی۔ضلع صدر صفائی کرمچاری یونین ڈوڈہ ارشاد احمد نے حکومت و انتظامیہ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی بھی سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کرمچاریوں نے کووڈ 19 کی وبائی بیماری کے دوران اپنی جانوں و اہل خانہ کی زندگیوں کا خطرہ میں ڈال کر مثالی کام کیا اور اس کے علاوہ بھی پچھلے کئی برسوں سے وہ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن متعلقہ حکام انہیں سبز باغ دکھا کر ہر بار گمراہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر معینہ مدت تک کام چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔ ادھر سیول سوسائٹی قصبہ جات میں گندگی جمع ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کئی جان لیوا بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے مقامی انتظامیہ و محکمہ بلدیہ کے اہلکاروں کو صحت و صفائی کا خاص خیال رکھنے و احتجاج پر بیٹھے صفائی کرمچاریوں کے جائز مطالبات پور کرنے کا مطالبہ کیا۔