ڈوڈہ ضلع میں صفائی کرمچاریوں کی کام چھوڑ ہڑتال جاری باقاعدہ طور پر مستقل بنانے و دیگر مراعات کی فراہمی کا مطالبہ

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //یوٹی کے دیگر حصوں کی طرح ڈوڈہ ضلع میں صفائی کرمچاریوں کی کام چھوڑ ہڑتال جاری ہے جس کے نتیجے میں قصبوں کی گلیوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ضلع صدر صفائی کرمچاری یونین ارشاد احمد کی قیادت میں ڈوڈہ میں ٹاؤن حال کے سامنے پچھلے ایک ہفتہ سے کام چھوڑ ہڑتال جاری ہے جس دوران وہ اپنی مانگوں کو لے کر نعرہ بازی بھی کررہے ہیں۔ضلع صدر ارشاد احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ دو دہائیوں سے محکمہ بلدیہ میں قلیل سی رقم پر کام کررہے ہیں لیکن مہنگائی کے اس دور میں 9 ہزار روپے سے گھر کا خرچ چلانا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے مطالبات کو لے کر متعدد بار متعلقہ حکام کو میمورنڈم پیش کئے اور احتجاجی مظاہرے بھی کئے لیکن یقین دہانیوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔انہوں نے سات سال کی مدت پوری کرنے والے خاکروبوں کو باقاعدہ طور پر مستقل بنانے، ماہانہ تنخواہ میں اضافہ کرنے و دیگر تمام مراعات فراہم کرنے کا ایل جی سرکار سے مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کام چھوڑ ہڑتال غیر معینہ مدت کیلئے جاری رہے گی۔ اسی طرح بھدرواہ و ٹھاٹھری میں بھی صفائی کرمچاریوں کا احتجاج جاری ہے۔