ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ اور ضلع صنعتی مرکز سرکاری ملازمت کی حصولی کیلئے این او سی لازمی قرار

بلال فرقانی

 

سرینگر// حکومت نے سرکاری ملازمت میں شامل ہونے کیلئے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ اور ضلع صنعتی مرکز جنرل منیجر سے’این او سی‘ کی حصولیابی کو لازمی قرار دیا ہے۔سرکار کا کہنا ہے کہ تقرریوں سے متعلق تمام سرکاری احکامات، کے علاوہ سرکاری ملازمت میں شامل ہونے کی شرط کے طور پر ’’متعلقہ (ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ و جنرل منیجر، ڈی آئی سی) کی طرف سے سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگی تاکہ اس بات کا پتہ لگ سکے کہ تعینات ہونے والے نے خود روزگار اسکیم کے تحت کوئی قرض نہیں لیا ہے‘‘۔

 

عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری سرکیولر میںکہا گیا ہے کہ اس بات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد مختلف سرکاری معاونت و خود روزگاراسکیموں میں پیش کش پر خود روزگار کے مواقوں کا فائدہ نہیں اٹھاتی، جس کے تحت بینک آسان شرائط پر قرض فراہم کرتے ہیں اور کاروبار قائم کرنے کیلئے حکومتی رعایات بھی دستیاب ہوتی ہیں ، لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ سرکاری ملازمت کے اہل ہونے کے لیے قرض کی ذمہ داریوں کو ختم کرنے کے قابل نہیں ہوسکتے ہیں۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ اس نتیجے میں جموں و کشمیر میں ان اسکیموں کے حصول پر منفی اثر ات مرتب ہونے کے علاوہ مختلف سرکاری معاونت وخود روزگار اسکیموں کے تحت روزگار کو ایک قابل عمل ذریعہ معاش اختیار کرنے کے لیے حوصلہ افزائی نہیں ہوتی۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ اس سے نہ صرف خود روزگار کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ جموں و کشمیر میں کسی بھی ممکنہ قرض کے عدم ادائیگی سے بھی بچیں۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے’’ اگر امیدوار نے ضلع صنعتی مرکز یاایمپلائمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے خود روزگار کے لیے قرض لیا ہے، اس کا پتہ ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سنٹر اور اقامتی ضلع کے ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر سے لیا جائے، تو وہ یونٹ،انٹرپرائز کی ملکیت سے دستبردار ہو جائے گا اور سرکاری ملازمت میں شامل ہونے سے پہلے ایسے خود روزگار یونٹ،انٹرپرائز سے الگ ہوگا۔‘‘ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ اس صورت میں اسے اپنی تنخواہ سے متعلقہ تنخواہ واگزار و تقسیم کرنے والے افسرکے ذریعہ مناسب یکساں ماہانہ اقساط‘( ای ایم ائز) میں قرض کی پوری ذمہ داری ادا کرنے ہوگی۔ سرکیولر میں کہا گیا کہ متعلقہ تنخواہ واگزار و تقسیم کرنے والے افسر ایسے خود روزگار یونٹ،انٹرپرائز میں ملکیت اور حصص، سے دستبرداری اور وصول کی جانی والے بقایاجات کے بارے میں متعلقہ ملازم سے ایک بیان حلفی حاصل کرے گا اور ذاتی طور پر اس کی وصولی کی نگرانی بھی کرے گا ۔اس سرکیولر کو فوری تعمیل کے لیے تمام انتظامی محکموں کے نوٹس میں لایاگیا۔