بیجنگ// چین کی وزارت خارجہ نے آسٹریلیا پر زور دیا ہے کہ وہ ایک چین کے اصول کی پاسداری کرے اور تائیوان سے متعلق معاملات میں احتیاط سے کام لے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ ایک چین اصول کی پاسداری دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے کی بنیادی شرط ہے اور یہ کہ تائیوان چینی سرزمین کا ناگزیر حصہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ خالصتاً چین کا داخلی معاملہ ہے جو ملک کے بنیادی مفادات میں شامل ہے، جس میں کسی بھی بیرونی طاقت کو مداخلت کی اجازت نہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہم پْرامن اتحاد کے لیے پوری کوشش کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم تائیوان کی آزادی اور علاحدگی کی سرگرمیوں کے لیے کسی بھی قسم کی کوئی گنجایش نہیں چھوڑیں گے۔ دوسری جانب چینی نائب صدر وانگ چی شان نے چین اور امریکا کے درمیان مستحکم اور مضبوط تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ پنگ پونگ ڈپلومیسی کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر ایک یادگاری تقریب سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب میں چین امریکا معمول کے تعلقات کی شروعات میں پنگ پونگ ڈپلومیسی کے تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے وانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں اتار چڑھاو کے باوجود گزشتہ 50 برسوں میں عموماً مستقل ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔ وانگ نے مزید کہا کہ چین اور امریکا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے ثمر ا?ور نتائج برا?مد ہوئے۔