نئی دہلی//یو این آئی// ہندوستان نے چینی موبائل کمپنی ویوو کے مقامات پر تفتیشی ایجنسیوں کی کارروائی سے متعلق چینی سفارت خانے کے بیان کو کل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کام کرنے والی کسی بھی غیر ملکی کمپنی کو ہندوستان کے قوانین کی پابندی کرنی ہوگی۔
.جب ویوو موبائل کمپنی کے کام کاج اور تفتیشی ایجنسیوں کی کارروائی کے بارے میں پوچھا گیا تو وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے یہاں باقاعدہ بریفنگ میں کہاکہ ‘‘یہاں کام کرنے والی کمپنیوں کو زمینی قانون پر عمل کرنا ہوگا۔ ہماری قانونی ایجنسیاں ملک کے قانون کے مطابق اقدامات کر رہی ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس معاملے پر کوئی تبصرہ ہو سکتا ہے ۔”ہندوستان سے ویوو کمپنی کے دو ڈائریکٹرز کے مفرور ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر ترجمان نے کہا کہ ہمارے پاس سرکاری اداروں سے ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
یہ ایک قانونی مسئلہ ہے اور ہمارے پاس باہمی تعاون کا ایک طریقہ کار ہے جب ہمارے پاس کچھ ہوتا ہے اور ہم چین سے بات کرنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان آج بالی میں ہونے والی ملاقات میں فوجی کمانڈروں کی میٹنگ کی تاریخیں طے کی گئیں، ترجمان نے کہا کہ وزرائے خارجہ نے فوجی کمانڈروں کی میٹنگ جلد بلانے پر اتفاق کیا۔ ابھی تک کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے ۔