چیف سیکرٹری کی ریاسی میں یوم دستور تقریب میں شرکت لوگوںپربنیادی حقوق کی بجائے اپنے بنیادی فرائض کیلئے سرگرم عمل رہنے پر زور

نیوز ڈیسک
ریاسی//ریاسی ضلع میں آج 73 واں یوم دستور منایا گیا جس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے روحانی مرکز کٹرہ میں آئین کا تمہید پڑھا ۔ چیف سیکرٹری نے یوم دستور منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن دستور ہند کو اپنانے کی یاد میں منایا جا رہا ہے اور آئین کے بانیوں کے خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کا اعتراف کرنے کیلئے منایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے آئین نے آخری صف کے پسماندہ اور ضرورت مند لوگوں کو بااختیار بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ دستاویز انصاف ، مساوات اور آزادی کی ضمانت دیتا ہے اس کے علاوہ شہریوں میں بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بنیادی حقوق کی بجائے اپنے بنیادی فرائض کیلئے سرگرم عمل رہیں کیونکہ ایک شخص کے بنیادی حقوق دوسرے فرد کے بنیادی فرائض کی شاخ ہیں ۔