چھاترو کا دیلر علاقہ پانی کی عدم دستیابی سے پریشان ٹوٹی پائپیں عوام کیلئے دردسر ، عوام گندہ پانی پینے پر مجبور،جلد مرمت کرنے کی مانگ

عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن چھاترو کا علاقہ دیلراس دورجدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جسکے سبب علاقہ کی عوام اج بھی قدیم انسانوں کی زندگی جینے پر مجبور ہے۔علاقہ ضلع صدر مقام سے محض چالیس کلومیڑر کی دوری پر ہونے کے باوجود بھی انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار ہے۔ علاقہ کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ دیلر کے وارڈ نمبر چھ،جو 150 نفوس پر مشتمل ہے، کی عوام پینے کے پانی کے لے سخت پریشان ہے۔ انھوں نے بتایاکہ اگرچہ محکمہ علاقہ میں پانی فراہم تو کرتا ہے لیکن علاقہ میں لگائی گی بیشتر پانی فراہم کرنے والی پائیپں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیںاور گزشتہ کئی برسوں سے ان پائپوں کی مرمت نہیں کی گئی ہے جسکے سبب جگہ جگہ ان سے پانی رس رہا ہے اورمتعدد مقامات پر پانی نالی کے ذریعے پایپوں میں چلاجاتاہے جو علاقے کی عوام کو پینا پڑتاہے۔ متعلقہ محکمہ انکی مرمت کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھاتاہے ۔ان کاکہناتھا کہ اگرچہ متعدد مرتبہ محکمہ کے ا علیٰ افسران کو آگاہ کیا گیا لیکن انکے کانوں پر جوتک نہیں رینگتی جسکے سبب عوام سخت مشکلات سے دوچار ہورہی ہے۔مقامی شخص امتیاز احمد نے بتایا کہ محکمہ کے ملازمین علاقے میں آکر عورتوں کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہیں اور پانی بند کرنے کی دھمکی دیتے ہیں، ملازمین عوام سے فیس ادا کرنے کو کہتے ہیں اور کنکشن درج کرنے کوکہتے ہیں، ہم پانی کافیس و کنکشن نکالنے کیلئے تیار ہیں لیکن اسکے بدلے ہمیں صاف پانی فراہم کیا جانا چاہئے۔انکاکہناتھا کہ اگرچہ ہرسال لاکھوں روپے پنچایتوں میں پایپوں کی مرمت و دیگر کاموں کیلئے آتے ہیں لیکن یہ پیسہ کہاں جاتاہے اسکا کوئی علم نہیں۔انھوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے اپنے مطالبات کو لیکر انتظامیہ کے پاس جارہے ہیںلیکن انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا جارہا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ اس علاقہ کی طرف توجہ مرکوز کرے اور انکے مسائل کا ازالہ کرے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑسکے۔